بچوں کا اغواء اور فروخت کرنے والی ٹولی بے نقاب

   

اصل سرغنہ گرفتار، ایک خاتون مفرور ، ڈی سی پی بالانگر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /6 فروری ( سیاست نیوز ) غریب والدین کو رقمی لالچ دے کر بچوں کی فروخت کرنے اور ان کا اغواء کرنے والی ایک ٹولی کو اسپیشل آپریشن ٹیم سائبرآباد نے بے نقاب کردیا ۔ الوال اور ایس او ٹی کی مشترکہ کارروائی میں 6 رکنی ٹولی کو بے نقاب کردیا اور 5 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں ۔ جبکہ ایک خاتون مفرور بتائی گئی ہے ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر آف پولیس بالانگر زون محترمہ پدمجا نے بتائی ۔ گذشتہ ماہ الوال کے علاوقہ میں ایک بچی کے اغواء کے بعد پولیس نے چوکسی اختیار کی تھی اور علاقہ میں خفیہ طور پر پولیس تحقیقات کر رہی تھی کہ پولیس نے اس علاقہ میں مشتبہ طور پر گھوم رہی دو خواتین کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی ۔ شانتما اور رینوکا سے پوچھ گچھ کے دوران ان دونوں نے اس دو ہفتہ عمر والی لڑکی اور ان کی ٹولی کی تفصیلات بتائی ۔ اس ٹولی کا اصل سرغنہ بابو ریڈی اور گنگا دھر ریڈی کے علاوہ سائبرآباد اسپیشل آپریشن ٹیم نے رمیش ، راجہ نائیک کو بھی گرفتار کرلیا جبکہ لکشمی بائی خاتون مفرور بتائی گئی ہے ۔ یہ ٹولی دواخانوں میں جاسوسی کرتے ہوئے بے اولاد خواتین کا پتہ حاصل کرتی تھی اور پھر غریب والدین کی نشاندہی کرتے ہوئے ان تک رسائی حاصل کرتے تھے ۔ انہیں رقمی لالچ دیکر ان سے بچوں کو خریدا جاتا یا پھر ان بچوں کا اغواء کرلیا جاتا اور انہیں فروخت کردیا جاتا تھا ۔ پولیس سائبرآباد نے اپنی تحقیقات میں چند ہاسپٹلس کے مشتبہ رول کا بھی جائزہ لیا ہے اور امکان ہے ان ہاسپٹلس اور ان کے عملہ کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ۔