بچوں کا مستقبل لالچی اور نااہل لوگوں کے حوالے کر دیا گیا : پرینکا گاندھی

,

   

بی جے پی دور حکومت میں پورا تعلیمی نظام مافیا اور بدعنوان ‘ بچوں کے مستقبل سے کھلواڑ پر سخت تنقید

نئی دہلی :کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے این ای ای ٹی پیپر لیک معاملے میں نریندر مودی حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔ پرینکا گاندھی نے آج یعنی 23 جون 2024کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر اپنا سخت ردعمل ظاہر کیا۔انہوں نے لکھا ہے کہ ملک کے قابل نوجوان بی جے پی کی بدعنوانی سے لڑنے میں اپنا سب سے قیمتی وقت اور توانائی ضائع کر رہے ہیں اور مودی جی صرف تماشا دیکھ رہے ہیں۔اس کے علاوہ انہوں نے حالیہ دنوں میں لیک ہونے والے پیپر کا ذکر کرتے ہوئے مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ پرینکا نے لکھا کہ NEET-UG پیپر لیک ہوا، NEET PG کا پرچہ ملتوی کیا گیا، UGC NET کا امتحان منسوخ اور پھر CSIR NET منسوخ کر دیا گیا۔ آج ملک کے سب سے بڑے امتحانات کی یہ حالت ہے۔پرینکا گاندھی نے مزید کہا کہ بی جے پی کے دور حکومت میں پورا تعلیمی ڈھانچہ مافیا اور بدعنوان لوگوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ملک کی تعلیم اور بچوں کا مستقبل لالچی اور نا اہل لوگوں کے ہاتھ میں دینے کی سیاسی ہٹ دھرمی اور تکبر نے پیپر لیک ہونے، امتحانات کی منسوخی، تعلیمی اداروں سے تعلیم کا خاتمہ اور سیاسی غنڈہ گردی کو ہمارے تعلیمی نظام کی شناخت بنا دیا ہے۔ حالات ایسے ہو گئے ہیں کہ بی جے پی حکومت صاف ستھرا امتحان بھی نہیں لے سکتی۔پرینکا گاندھی یہیں نہیں رکی انہوں نے کہا کہ آج بی جے پی حکومت نوجوانوں کے مستقبل کی راہ میں واحد سب سے بڑی رکاوٹ بن گئی ہے، ملک کے قابل نوجوان بی جے پی کی بدعنوانی سے لڑنے میں اپنا قیمتی وقت اور توانائی ضائع کر رہے ہیں اور مودی جی صرف تماشا دیکھ رہے ہیں۔ نوجوانوں کے مسقتبل سے کھلواڑ پر انہوں نے سخت تنقید کی۔