بچوں کو بہتر شہری بنانے کیلئے سہولتوں کی فراہمی کی ستائش

,

   

جوینیل ہوم میں ملٹی فنکشنل کلاس روم کی افتتاحی تقریب سے جناب زاہد علی خاںاور دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔/19 فبروری( سیاست نیوز)سعید آباد جوینیل ہوم یعنی بچوں کی جیل میں تھنکنگ ہینڈ نامی غیر سرکاری تنظیم کی جانب سے ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔اس پروگرام کے دوران بچوں کی اس جیل میں قید بچوں کی تربیت کیلئے ملٹی فنکشنل کلاس روم ڈونیٹ کیا گیا ۔اس تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان نے کہا کہ جیل کے بچوں کو ایک بہتر ماحول دینے اور یہاں سے باہر نکلنے کے بعد انہیں ایک بہترین شہری بنانے کے لئے تعلیم کے ساتھ ساتھ دیگر سہولتیں بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ اس موقع پر جناب زاہد علی خان نے اعلان کیا کہ اس جیل کے بچوں اور یہاں کے طلبہ کیلئے وہ ہر ممکن مدد کے لئے تیار ہیں ۔جناب زاہد علی خان نے آسٹریا سے یہاں آئے آرکٹیکٹ کی یہاں سماجی خدمت کے جذبے کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں سماج کی بہتری کے لئے کچھ کرنا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں فنڈ بھی فراہم کرنا چاہتے ہیں،جناب زاہد علی خان صاحب کا کہنا تھا کہ وہ تو کچھ وقت کے لئے یہاں آئے ہیں تاہم ہماری یہ اہم ذمہ داری ہے کہ ہم یہاں کے حالات کو دیکھیں اور سماج کی بہتری اور فلاح کے لئے اقدامات کریں ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شہر کے مشہور نیورولوجسٹ ڈاکٹر لوکیش لنگپا نے کہا کہ اس این جی او نے جیل کے بچوں کی فلاح کے لئے جو بیڑا اٹھایا ہے وہ قابل ستائش ہے ان کا کہنا تھا کہ جیل میں بچوں کو ذہنی تناو کا سامنا ہوتا ہے اور انہیں ایک بہتر شہری بنانے کیلئے جیل میں کھیل کود کی سہولتیں فراہم کرنا بھی ضروری ہے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی ذہنی نشونما کے لئے ہمیں ذمہ دارانہ رول نبھانا ہوگا ۔

آسٹریا یونیورسٹی کے پروفیسر رامیس نجار نے بھی بچوں سے خطاب کیا ۔پروفیسر رامیس نجار کا کہنا تھا کہ آج کی دنیا ایک عالمی گاوں ہے اور دنیا کے کسی بھی حصے سے کسی کی بھی مدد آج کے دور میں ممکن ہے ،اسی سہولت کو محسوس کرتے ہوئے انہوںنے حیدرآباد میں اس طرح کے فلاحی کام میں دلچسپی لی ہے ۔کیتم آرٹیلائیٹ ان آرکٹکچر و تھنکنگ انڈیا کے بانی کے سنتوش کمار نے اس ملٹی فنکشنل کلاس روم کو ایک بہترین مدد قراردیا اور کہا کہ جیل میں بچوں کی نشو نما میں یقینا یہ مساعی قابل ستائش ہے ان کا کہنا تھا کہ چھ لاکھ کی لاگت سے یہ پروگرام شروع کیا گیا ہے اور فنڈر میکس انڈیا نے اس سلسلے میں تعاون کیا ہے ۔اس پروگرام میں فنڈر میکس انڈیا کے نمائندے مسٹر روی کرن کے علاوہ جناب تقی الدین شجیع اور ان کی دختر رشا فاطمہ شجیع، کے کیتم آرکٹیکچر کے کے پراوین کمار بھی موجود تھے۔