کلام ڈریم فورس سائنس لیاب کا رکن اسمبلی ینم سرینواس کا دورہ
محبوب نگر ۔ 12 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بچوں میں چھپی ہوئی صلاحیتوں کو باہر لانے کیلئے اساتذہ کی کوشش لائق ستائش ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقامی ایم ایل اے ینم سرینواس ریڈی نے کیا۔ وہ آج مستقر محبوب نگر کے صندل گنڈو میں قائم کلام ڈریم فورس سائنس لیاب کا دورہ کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میرا احساس ہیکہ محبوب نگر کو جدید سائنس لیاب کی ضرورت ہے۔ اس تعلق سے بچوں میں جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اس کیلئے ہمیں ایک پلیٹ فارم تیار کرنا ہوگا۔ اس کے مطابق سائنس لیاب قائم کرنا چاہئے۔ اس کیلئے اگر آپ سب ایک ماسٹر پلان تیار کرکے دے سکتے ہیں تو بجٹ کو حکومت کی مدد سے سائنس لیباریٹری قائم کرنے کیلئے مختص کریں گے جو تمام طلباء کیلئے کارآمد ہوگا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ سرکاری اور خانگی تعلیمی اداروں کے سائنس ٹیچرز تجربات کے انتظامات پر تبادلہ خیال کریں اور رپورٹ پیش کریں۔ اس موقع پر موڈا چیرمین لکشمن یادو، کلام ڈریم فورس سائنس فاونڈیشن کے اراکین سریدھر، جناردھن، رویندر گوڑ، موہن ریڈی، وینکٹیا، وینکٹیشور ، بنو کماری، چکرورتی گوڑ، کانگریس قائدین عظمت علی، سنجیوا ریڈی و دیگر موجود تھے۔ بعدازاں ایم ایل اے نے محبوب نگر ضلع پریشد ہائی اسکول کا دورہ کیا۔ کلاس رومز کا جائزہ لیا۔ طلباء سے بات چیت کی اور ان سے تعلیم و تدریس کے تعلق سے سوالات کیے اور طلباء کو مفید مشورے دیئے۔ اس دوران طلباء سے انہوں نے پوچھا کہ کیا ٹیچرس ڈیجیٹل بورڈ پر سبق پڑھارہے ہیں۔ آپ ڈیجیٹل بورڈ کا استعمال جانتے ہیں طلباء نے بورڈ پر تفصیل بتائی۔ ایم ایل اے نے مسرت کا اظہار کیا۔ ان کے ہمراہ پارٹی قائدین موجود تھے۔