بچکنڈہ : گھریلو شکوک و شبہات پر چچازاد بھائی کا قتل ، ملزم گرفتار

   

بچکندہ، 17 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کاماریڈی کے بچکندہ منڈل میں گھریلو شکوک و شبہات نے ایک اور انسانی جان لے لی۔ مقامی پولیس نے اس سنگین واردات میں تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے بچکندہ سرکل انسپکٹر روی کمار ن، بچکندہ سب انسپیکٹر موہن ریڈی نے تفصیلات کے مطابق، رمیش کی والدہ گنگا مانی نے 16 جولائی کو بچکندہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی کہ ان کے بیٹے رمیش کو اس کے بھتیجے (یعنی چچازاد بھائی) کاشی ناتھ نے تلوار سے قتل کر دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق، کاشی ناتھ پچھلے چند سالوں سے حیدرآباد میں مقیم تھا۔ تقریباً چھ ماہ قبل سنکرانتی تہوار کے موقع پر رمیش اور اس کی بہن کویتا حیدرآباد میں کاشی ناتھ کے گھر چند دن قیام کے لئے گئے تھے۔ اسی وقت سے کاشی ناتھ نے اپنی بیوی کی حرکات میں تبدیلی محسوس کی، جس پر اسے شک ہوا کہ اس کی بیوی اور بھائی رمیش کے درمیان ناجائز تعلقات ہیں۔ شک کی شدت اتنی بڑھ گئی کہ کاشی ناتھ نے 15 جولائی کو حیدرآباد سے ایک تیز دھار ہتھیار خریدی اور صبح ساڑھے تین بجے بچکندہ پہنچ کر رمیش کے کرایہ کے مکان کی چھت پر چھپ کر بیٹھ گیا۔ جیسے ہی رمیش صبح 6 بجے کمرے سے باہر نکلا، کاشی ناتھ نے اس پر حملہ کر کے قتل کر دیا۔ واردات کے فوراً بعد مقامی عوام نے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ دورانِ تفتیش کاشی ناتھ نے اقبال جرم کرتے ہوئے بیان دیا کہ اْس نے شک کی بنیاد پر بھائی کو قتل کیا۔ پولیس نے جائے واردات سے تلوار، موبائل فون، خون آلود کپڑے اور دیگر شواہد ضبط کئے۔ ضلع ایس پی جناب راجیش چندر آئی پی ایس کی ہدایت پر ڈی ایس پی بانسواڑہ کی نگرانی میں بچکندہ سی آئی روی کمار اور ایس آئی موہن ریڈی نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے تمام شواہد جمع کر کے ملزم کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ پولیس کی اس پیشہ ورانہ کارروائی پر ضلع ایس پی نے ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔