بکریوں کے مالک کو ہزار روپیوں کا جرمانہ

   

شجرکاری کے پودوں کو کھانے کا شاخسانہ، این جی او کی شکایت پر پولیس کی کارروائی

حیدرآباد 12 ستمبر (ایجنسیز) ضلع کریم نگر کے حضور آباد میں پیش آئے ایک عجیب واقعہ میں دو بکریوں کو شجرکاری کے پودوں کو نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے بموجب حضورآباد میں حکومت کے ہریتا ہرم پروگرام کے تحت 980 پودے شجرکاری مہم کے مختلف سرکاری دفاتر اور دواخانوں میں لگائے گئے تھے تاہم اس میں سے 250 پودوں کو دو بکریوں نے کھالیا۔ ان بکریوں کے دوسری مرتبہ پودوں کو کھانے پر غیر سرکاری تنظیم ’’سیو دی ٹریز‘‘ نے اس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بکریوں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا جس پر پولیس نے بکریوں کے مالک کو طلب کرکے اس پر ایک ہزار روپیوں کا جرمانہ عائد کرنے کے بعد بکریوں کو مالک کے حوالے کردیا۔ این جی او کے بموجب بکریوں نے متعدد مرتبہ پودوں کو کھانے کی شکایت پولیس میں کی گئی تھی لیکن پولیس ان کی شکایت پر کوئی توجہ نہیں دے رہی تھی۔ اس طرح کی صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے این جی او نے بکریوں کی آمد و رفت پر نظر رکھ کر بکریوں کی آمد پر فوری حرکت میں آگئے اور اس کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا اور پودوں کو کھا جانے کی شکایت پر پولیس بکریوں کے مالک پر ہزار روپیوں کا جرمانہ عائد کرکے بکریوں کو رہا کردیا۔ این جی او کے مطابق انھوں نے اپنے ذاتی خرچ سے اسکولس، سرکاری دفاتر، دواخانوں اور پولیس اسٹیشنس میں پودے لگائے تھے۔ تاہم بکریوں نے ان پودوں کو کھا بیٹھے تھے۔ سیو دی ٹریز کے رکن کے وکرانت نے بتایا کہ پودوں کو بکریاں کھانے کے بعد اس کی نگرانی کرنا اگرچیکہ مشکل تھا تاہم سخت نظر رکھی گئی تھی۔ بکریوں کو پکڑ کے پولیس کے حوالہ کرنے کے بعد پولیس نے ڈورنا کنڈا راجیا ساکن کمری واڑہ کو ایک ہزار روپئے جرمانہ ادا کرنے کی ہدایت دی اور راجیا کو مشورہ دیا کہ وہ بکریوں کو چارہ (گھاس) کا انتظام کرے اور بتایا کہ وہ بنا چارہ کے بکریوں کو پال رہا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ تلنگانہ ہریتا ہرم پروگرام کو حکومت نے شروع کیا تھا جس کا مقصد سرسبز و شادابی کو فروغ دینا ہے۔ اس اسکیم میں مرکزی حکومت سے 33 فیصد کی امداد بھی شامل ہے۔ اس پروگرام کے تحت حکومت شجرکاری پر کروڑہا روپئے خرچ کررہی ہے اور ہر شعبہ اس مہم میں حصہ لے کر شجرکاری کو فروغ دے رہا ہے اور ہر محکمہ کو اس کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ تاہم اس کی بہتر طریقہ سے دیکھ بھال نہ کرنے کی وجہ سے پودے لگانے کی مہم متاثر ہورہی ہے۔