بکری کی کھال کو شیر کی کھال کے نام فروختگی، دو افراد گرفتار

   

حیدرآباد۔/22 فبروری، ( سیاست نیوز) بکری کی کھال کو رنگتے ہوئے شیر کی کھال بتاکر فروخت کرنے والے دو افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ساوتھ زون ٹاسک فورس پولیس نے کنچن باغ پولیس کے ساتھ کارروائی میں دو افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے ایک نقلی شیر کی کھال اور نقلی شیر کے ناخن ضبط کرلئے۔ پولیس نے 25 سالہ شیخ محمد مشتاق ساکن تاڑبن بہادر پورہ اور 37 سالہ محمد عبدالقدیر ساکن حافظ بابا نگر کو گرفتار کرلیا ۔ مشتاق جو ایک پرفیوم اسٹورمیں مارکیٹنگ ایگزیکیٹو کی حیثیت سے کام کرتا تھا بعد میں اس نے آرٹیفیشل پھول فروخت کرنا شروع کیا اس دوران اس نے سڑک کے کنارے فروخت کئے جارہے کھلونے دیکھے اورجانوروں کے کھلونے دیکھ کر اس نے اپنے ذہن میں ایک سازش تیار کی ۔ اس نے بکری کی کھال کو خرید کر اس کو پینٹ کیا اور شیر کے کھال کی طرز کی کھال تیار کرنے کے بعد اس نے اپنے ساتھی کو شامل کرلیا اور اس کھال کو فروخت کرنے کی کوشش کررہے تھے کہ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔