کابل : اب جب کہ افغانستان میں تقریباً دو دہائیوں تک جنگ کے بعد امریکی افواج انخلا کے آخری مرحلے میں ہے، ایک اعلی امریکی فوجی افسر کا کہنا ہے کہ ان کے زیر استعمال ملک کے سب سے اہم فوجی اڈے بگرام ایئر بیس کو تقریباً بیس دنوں کے اندر افغان حکومت کے حوالے کردیا جائے گا۔ایک امریکی فوجی عہدیدار نے اے ایف پی سے کہا’’میں اس بات کی تصدیق کرسکتا ہوں کہ ہم بگرام ایئر بیس (افغان حکومت) کے حوالے کر رہے ہیں۔” انہوں نے تاہم حوالگی کی حتمی تاریخ کے بارے میں کچھ نہیں کہا۔لیکن ایک افغان سکیورٹی افسر نے بتایا کہ ایئربیس کی حوالگی کا یہ عمل لگ بھگ 20 دن میں متوقع ہے اور افغان وزارت دفاع نے اس کا انتظام سنبھالنے کے لیے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔امریکی فوج کے ادارے سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے بتایا ہے کہ افغانستان سے 31 مئی تک امریکی فوج کے انخلا کا 30 سے 44 فی صد کام مکمل ہو گیا ہے۔دوسری طرف افغانستان کے وزیرِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ بین الاقوامی فضائی فورسز انخلا کے بعد بھی اگر ضرورت پڑی، تو افغان سیکیورٹی کی مدد کر سکتی ہیں۔یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اقوامِ متحدہ کی ایک ٹیم نے کہا ہے کہ افغانستان میں حالیہ دنوں میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کے واقعات امن مذاکرات میں پیش رفت کے متقاضی ہیں۔
