بھائی کے خلاف مہم میں حصہ لینے سے وینکٹ ریڈی کا انکار

   

سرگرمیوں سے دور رکھنے کی شکایت، امیدوار کے لیے سرگرم مشاورت
حیدرآباد ۔12۔اگست (سیاست نیوز) رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کے استعفیٰ کے بعد بھی کانگریس کی مشکلات میں کمی نہیں آئی ہے۔ راج گوپال ریڈی کے بڑے بھائی اور رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے یہ کہتے ہوئے کانگریس کی مشکلات میں اضافہ کردیا کہ وہ منگوڑ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کی مہم میں حصہ نہیں لیں گے۔ کومٹ ریڈی برادرس ابتداء ہی سے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی سے ناراض ہیں۔ اگرچہ وینکٹ ریڈی نے کانگریس میں برقرار رہنے کا اعلان کیا ہے لیکن وہ اپنے بھائی کے خلاف انتخابی مہم میں حصہ لینے تیار نہیں ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ضمنی چناؤ کی سرگرمیوں سے انہیں دور رکھا گیا ہے۔ پارٹی اجلاس کے بارے میں انہیں کوئی اطلاع نہیں دی گئی ، لہذا وہ انتخابی مہم میں حصہ نہیں لیں گے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ وہ بن بلائے مہمان بن کر جانا نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قائد نے ان سے ضمنی چناؤ کے بارے میں بات چیت نہیں کی ہے۔ انہوں نے شکایت کی کہ گزشتہ دنوں منگوڑ میں منعقدہ جلسہ عام میں ان پر تنقید کی گئی۔ وینکٹ ریڈی نے ان کے خلاف بیان دینے والے قائد سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا۔ سینئر قائدین پر تنقید کرنے والوں کو پارٹی سے معطل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی منگوڑ میں پد یاترا میں انہیں مدعو نہیں کیا گیا ہے۔ توہین کے بعد میں کس طرح پروگرام میں شرکت کروں گا ۔ اسی دوران اے آئی سی سی کے سکریٹریز بوس راجو، ندیم جاوید اور روہت چودھری نے سابق وزیر بی گوردھن ریڈی کی دختر شراونتی کو گاندھی بھون طلب کرتے ہوئے بات چیت کی ۔ منگوڑ اسمبلی حلقہ سے ضمنی چناؤ میں شراونتی پارٹی ٹکٹ کی اہم دعویدار ہیں۔ پارٹی نے تمام دعویداروں کو حیدرآباد طلب کیا ہے اور تمام سے بات چیت کے بعد کسی ایک نام کو قطعیت دی جائے گی۔ ر