بھارت بائیوٹک تلنگانہ کو زائد ویکسین سربراہ کرے گا

,

   

کمپنی کے عہدیداروں کی چیف سکریٹری سومیش کمار سے ملاقات

حیدرآباد۔ تلنگانہ میں ویکسین کی قلت سے نمٹنے کیلئے حکومت نے مساعی کا آغاز کیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر چیف سکریٹری سومیش کمار نے منیجنگ ڈائرکٹر بھارت بائیوٹک ڈاکٹر کرشنا ایلا سے بی آر کے بھون میں ملاقات کی۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کورونا سے نمٹنے کیلئے ریاست کے تمام شہریوں کو مفت ٹیکہ اندازی کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارت بائیو ٹک کے منیجنگ ڈائرکٹر سے خواہش کی گئی کہ وہ ویکسین کی زیادہ سے زیادہ خوراکیں تلنگانہ کو سربراہ کریں اور تلنگانہ کو اس معاملہ میں ترجیح دیں تاکہ ہر شہری کو ویکسین دیئے جانے کا عمل کامیابی سے مکمل ہوسکے۔ بھارت بائیو ٹک کے ذمہ داروں نے اس سلسلہ میں مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تلنگانہ کو زائد مقدار میں ویکسین کی خوراک فراہم کرنے سے اتفاق کیا۔ اس موقع پر پرنسپل سکریٹری انڈسٹریز جیش رنجن اور ڈائرکٹر بھارت بائیوٹک ڈاکٹر سائی پرساد اور دوسرے موجود تھے۔