بھارت جوڑو یاترا سے تلنگانہ کانگریس کیڈر میں نیا جوش و خروش

   


راہول گاندھی کی پدیاترا میں شیخ عبداللہ سہیل شامل، اقلیتوں کے مسائل پر تبادلہ خیال
حیدرآباد ۔ 29 اکٹوبر (سیاست نیوز) راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا ضلع محبوب نگر میں کامیابی سے جاری ہے۔ بڑے پیمانے پر عوام ان کا خیرمقدم کررہے ہیں۔ پدیاترا کے دوران تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈرپاٹمنٹ کے صدر شیخ عبداللہ سہیل نے بھی راہول گاندھی کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلتے ہوئے ریاست کے تازہ سیاسی صورتحال اور اقلیتوں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ راہول گاندھی نے شیخ عبداللہ سہیل کو مشورہ دیا کہ وہ عوام بالخصوص اقلیتوں کے درمیان پہنچ کر کانگریس کی اقلیتوں کی ترقی و بہبود کیلئے کئے گئے اقدامات سے انہیں واقف کرائے اور اقلیتوں کو کانگریس کے ساتھ زیادہ سے زیادہ جوڑنے کیلئے دیہی و بوتھ لیول پر خدمات انجام دینے کا مشورہ دیا۔ راہول گاندھی نے بتایا کہ وہ بھارت جوڑو یاترا کے دوران اقلیتوں کے بشمول سماج کے تمام طبقات سے ملاقات کررہے ہیں اور ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کررہے ہیں۔ انہیں اقلیتوں کے مسائل کا اندازہ ہے۔ کانگریس پارٹی ایک سیکولر جماعت ہے۔ اقلیتوں کے مسائل کو کانگریس پارٹی نے اہمیت دی ہے۔ لہٰذا وہ بحیثیت صدر تلنگانہ کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ اقلیتوں سے رجوع ہوئے کانگریس کے پالیسیوں سے انہیں واقف کرائے اور کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کریں۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کے ذریعہ حالیہ دنوں میں کئے گئے پروگرامس سے انہیں واقف کرایا۔ن