بھارت راشٹر سمیتی کا دفتر دہلی میں ’ جودھپور رائل بنگلو‘ میں قائم ہوگا!

   

حیدرآباد۔5۔اکٹوبر(سیاست نیوز) نئی دہلی میں بھارت راشٹر سمیتی کا دفتر ’ جودھپور رائل بنگلو‘ میں قائم کیا جائے گا!سردار پٹیل روڈ نئی دہلی میں واقع جودھپور رائل بنگلومیں آہک پاشی اور بنگلہ کی مرمت و دیگر کاموں کو تیز کردیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق تلنگانہ راشٹرسمیتی قائدین و ارکان راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشور اؤ کے علاوہ بی سنتوش کمار نے دہلی میں قومی سیاسی جماعت کے دفتر کے لئے اس عمارت کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے حاصل کرنے کے سلسلہ میں معاہدہ کرلیا ہے اورپارٹی کے قومی دفتر کا اس عمارت میں قیام عمل میں لایا جائے گا۔ مرکزی حکومت کی جانب سے تلنگانہ راشٹر سمیتی کیلئے 1200 مربع میٹر اراضی وسنت وہار میں حوالہ کی گئی ہے جہاں پارٹی دفتر ’تلنگانہ بھون‘ کی تعمیر کے کام زور و شور سے جاری ہیں۔صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی و چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے سال گذشتہ تلنگانہ بھون کے تعمیراتی کاموں کے آغاز کے سلسلہ میں سنگ بنیاد رکھا تھا اور اس عمارت کی تعمیر کی نگرانی ریاستی وزیر عمارات و شوارع ویمولہ پرشانت ریڈی کر رہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ اس عمارت کی تکمیل تک بھارت راشٹر سمیتی کے دفتر کو عارضی طور پر اس بنگلہ میں رکھا جائے گا اور تلنگانہ بھون کی تکمیل کے بعد اس کی منتقلی کے سلسلہ میں اقدامات کا جائزہ لیاجائے گا۔دہلی میں پارٹی کے صدر دفتر کے سلسلہ میں کہا جار ہاہے کہ جودھپور رائل بنگلو کو پارٹی قائدین نے لیز پر حاصل کیا ہے۔م