سلمان کی ایڈیٹنگ معاملہ میں علی عباس سے ناراضگی کی اطلاعات
سلمان خان کی فلم ’’بھارت‘‘ عید کے موقع پر ریلیز ہوئی ہے اس فلم کو اس سال کی سب سے بڑی دھماکہ دار اوپننگ ملی ہے۔ اس فلم نے ریلیز کے پہلے ہی دن باکس آفس کلکشن کا ریکارڈ توڑا اور 42.30 کروڑ روپیوں کی کمائی کی اور ریلیز کے چوتھے ہی دن فلم کا جملہ انڈین باکس آفس کلکشن 122.20 کروڑ روپے ریکارڈ کیا گیا۔ اور پیر تک بھارت نے اپنی کمائی 150 کروڑ کا ہندسہ بھی پار کرلیا۔ اس طرح سلمان خان کی یہ ایک کے بعد دیگرے 14 ویں فلم ہے جس نے 100 کروڑ کلب میں داخلہ لیا ہے۔ اس طرح سلمان بالی ووڈ کے لگاتار 14 سنچریاں بنانے والے اسٹار بن گئے۔ ان کی سو کروڑ کمانے والی فلموں میں ریڈی، باڈی گارڈ، ایک تھا ٹائیگر، دبنگ 2، جئے ہو، کک، بجرنگی بھائی جان، پریم رتن دھن پایو، سلطان، ٹیوب لائٹ، ٹائیگر زندہ ہے اور ریس 3 شامل ہے۔ ان فلموں میں سلمان کی تین فلموں نے 300 کروڑ دو فلموں نے 200 کروڑ اور مابقی فلموں نے 100 کروڑ کا بزنس کیا۔ اس دوران اب میڈیا میں یہ خبریں بھی وائرل ہو رہی ہیں کہ فلم کے ڈائرکٹر علی عباس ظفر اور سلمان خان کے درمیان فلم کی ایڈیٹنگ کو لے کر ناراضگیاں چل رہی ہیں لیکن علی عباس نے ان خبروں کی سرے سے تردید کی ہے اور کہا کہ سلمان میرے بڑے بھائی جیسے ہیں۔