بھارت کو ہرائیں، پاکستانی ٹیم کو شہباز شریف کی تاکید

   

لاہور: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کرکٹ ٹیم کو چمپئنز ٹرافی میں بھارت کو شکست دینے کا ٹارگٹ دیا ہے۔ شہباز شریف نے جمعہ کو نوتعمیر شدہ قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح کیا۔ لاہور میں منعقدہ تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزرا، کرکٹرز اور شائقین نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کی نئی تعمیر بہت ہی شاندارطریقے سے مکمل ہوئی۔ وزیراعظم نے پاکستانی ٹیم کو تاکید کی کہ چمپئنز ٹرافی میں بھارت کو شکست دینے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے اعلیٰ کرکٹ کھیلی، پوری قوم کا دل جیتاہے، بابر اعظم اور محمد رضوان سے قوم کو بڑی توقعات ہیں۔ آپ چمپئنزٹرافی جیت کرنہ صرف پوری قوم کے ہیروز ہوں گے بلکہ ہمسائیہ ملک بھارت کو شکست دے کر 24 کروڑ عوام کے دل جیتیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شاہین آفریدی سے بھی توقع ہے کہ وہ اپنے سسر شاہد آفریدی کی طرح وکٹیں گرائیں۔ وزیر اعظم نے چمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ آئی سی سی چمپئنز ٹرافی 19 فروری سے کراچی میں شروع ہورہی ہے۔ ایونٹ میںانڈیا۔ پاکستان میچ 23 فروری کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ہندوستانی ٹیم اپنا کوئی بھی میچ پاکستان جاکر نہیں کھیلے گی۔