بھدرا چلم تحصیل آفس کے سینئر اسسٹنٹ رشوت لیتے ہوئے گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 28 ۔ نومبر (سیاست نیوز) ضلع کھمم کے بھدرا چلم تحصیل آفس کے سینئر اسسٹنٹ نرسمہا راؤ کو اینٹی کرپشن بیورو عہدیداروں نے ودیا ساگر راؤ نامی شخص سے ایک ہزار روپئے رشوت حاصل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ایک موٹر وہیکل میکانک ودیا ساگر راؤ نے فیملی ممبرس سرٹیفکٹ کے حصول کیلئے سینئر اسسٹنٹ تحصیل آفس بھدرا چلم نرسمہا راؤ سے ربط پیدا کیا، جس پر نرسمہا راؤ نے ایک ہزار روپئے رشوت طلب کی جس کے باعث ودیا ساگر نے اینٹی کرپشن بیورو سے رجوع ہوکر اس بات کی شکایت کی ۔ اس شکایت کی روشنی میں اینٹی کرپشن بیورو عہدیداروں نے تحصیل آفس بھدرا چلم پہونچ کر ودیا ساگر راؤ کی جانب سے رقم دیتے ہوئے اور رقم کو قبول کر تے ہوئے نرسمہا راؤ کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ۔ سینئر اسسٹنٹ تحصیل آفس بھدرا چلم کو پکڑنے میں کئے ہوئے دھاوے میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اینٹی کرپشن بیورو مسٹر مدھو سدن راؤ ، انسپکٹر اے سی بی رمنا مورتی اور دیگر اسٹاف ارکان شامل تھے ۔ اے سی بی عہدیداروں نے سینئر اسسٹنٹ تحصیل آفس بھدرا چلم کو گرفتار کر کے بطور رشوت دی گئی رقم ضبط کر کے کیس رجسٹر کیا ۔