نئی دہلی ۔12 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے سابق بولر اور دہلی کے کپتان رہ چکے امت بھنڈاری پر کچھ افراد نے حملہ کیا اور وہ اس حملہ میں شدید زخمی ہوئے ہیں۔ دہلی انڈر 23 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی انوج ڈیڑھا پر حملے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ جس وقت حملہ ہوا ، اس وقت بھنڈاری سینٹ اسٹیفن کالج کے میدان میں سینئر ٹیم کا پریکٹس میچ دیکھ رہے تھے۔ وہ اس وقت دہلی ٹیم کے سلیکٹر ہیں۔بتایا جارہا ہے کہ انوج نے انڈر 23 ٹیم میں منتخب نہ کئے جانے کی وجہ سے یہ حملہ کروایا۔28 جنوری کو دہلی اور ڈسٹرکٹ کرکٹ اسوسی ایشن نے 56 ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست جاری کی تھی ، جس میں انوج کا نام شامل تھا۔ حملہ میں بھنڈاری کو سنگین چوٹیں آئی ہیں۔ ان کے سر پر چھ ٹانکے لگائے گئے ہیں اور پیر میں فریکچر بتایا جارہا ہے۔ پولیس نے انوج اور ایک حملہ آور کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش کی جارہی ہے۔ دہلی کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے کہا ہے کہ ملزمین کے خلاف فورا کارروائی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں سابق کرکٹر گوتم گمبھیر اور ویریندر سہواگ نے بھی اس واقعہ کی تنقید کی ہے۔ گمبھیر نے ٹویٹر پر لکھا کہ دہلی میں ایسا ہوتے دیکھنا بہت برا ہے۔ اس معاملہ کو دبایا نہیں جاسکتا اور میں ذاتی طور پر یہ یقینی بنانے کی کوشش کروں گا کہ یہ معاملہ دبایا نہ جائے۔ جس کھلاڑی نے منتخب نہیں ہونے پر حملہ کروایا ہے ، اس کے خلاف سبھی طرح کی کرکٹ کھیلنے پر تاحیات پابندی عائد کی جائے۔