بھونگیر کلکٹریٹ کے روبرو کسان کا اقدام خودسوزی

   

20 برسوں میں پٹہ دار پاس بک کی عدم اجرائی کی شکایت
حیدرآباد۔13۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) بھونگیر کلکٹریٹ کے احاطہ میں آج اس وقت کشیدگی اور افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا جب کلکٹر کے چیمبر کے روبرو ایک کسان نے خودکشی کی کوشش کی ۔ بی مہیش نامی نوجوان نے اپنے جسم پر پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کی کوشش کی ، تاہم کلکٹریٹ کے ملازمین نے اسے انتہائی اقدام سے روک دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مہیش کے والد اپلیا آلیر منڈل کے کولنا پاکا علاقہ میں 20 برس قبل 4 ایکر اراضی 6000 روپئے میں خریدی تھی۔ اراضی پر فصلوں کی کاشت کا سلسلہ جاری ہے لیکن ریونیو حکام کی جانب سے ابھی تک پٹہ دار پاس بک جاری نہیں کی گئی ۔ حکام کے رویہ سے ناراض ہوکر کسان کے فرزند نے انتہائی اقدام کیا تاکہ کلکٹر کو ماتحت عہدیداروں کی زیادتی اور ہراسانی سے واقف کیا جاسکے۔ اسی دوران ایڈیشنل کلکٹر سرینواس ریڈی نے مہیش سے بات چیت کی اور بہت جلد مسئلہ کی یکسوئی کا تیقن دیا۔ نوجوان کے اقدام خودسوزی کے سبب کلکٹریٹ میں افراتفری کا ماحول تھا۔ ایڈیشنل کلکٹر نے پٹہ دار پاس بک کی اجرائی میں تاخیر کی وجوہات کا پتہ چلانے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ ر