بھوپال ۔ 16 ۔ ا پریل (سیاست ڈاٹ کام) بھوپال میں مسلمانوں نے اپنے پڑوسی ہندو کی آخری رسومات انجام دی کیونکہ لاک ڈاون کی وجہ سے اس کے رشتہ دار آخری رسومات میں شرکت سے قاصر تھے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کے بحران کے بیچ مسلمانوں نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثال قائم کرتے ہوئے 50 سالہ پڑوسی خاتون کی آخری رسومات انجام دی جس کی جگر کے عارضہ کے باعث کل موت ہوگئی تھی۔ شاہد خان نامی پڑوسی نے آخری رسومات میں تمام انتظامات کئے۔ خاتون کے شوہر موہن نامدیو کی چھوٹی دکان ہے اور ان کے دو لڑکے ہیں۔ یہ غریب خاندان ہے اور یہ خاتون طویل عرصہ سے جگر کے عارضہ میں مبتلا تھی جس کا سرکاری حمیدیہ ہاسپٹل میں علاج جاری تھا۔ لاک ڈاون قواعد کے مطابق صرف 20 افراد آخری رسومات میں شریک تھے۔