رائے پور : چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے آج سے ایک ماہ کے لیے چھتیس گڑھ سے چلنے اور گزرنے والی 22 مسافر ٹرینوں کے آپریشن کو روکنے کے ریلوے کے فیصلے پر سخت اعتراض کیا ہے ۔مسٹر بگھیل کی ہدایت پر ایڈیشنل چیف سکریٹری نے ریلوے بورڈ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو ایک خط لکھ کر وزیر اعلیٰ کے اعتراضات سے آگاہ کرتے ہوئے ان ٹرینوں کا آپریشن جاری رکھنے پر زور دیا ہے ۔گڈز ٹرینوں کو چلانے کے لیے پرنسپل چیف آپریشن منیجر، ساؤتھ ایسٹ سنٹرل ریلوے ، بلاسپور نے آج سے 22 ایکسپریس اور لوکل ٹرینوں کے آپریشن کو اگلے ایک ماہ کے لیے روک دیا ہے ۔ یہ تمام ٹرینیں ریاست چھتیس گڑھ کے تحت ریل راستوں سے روزانہ آتی اور جاتی ہیں۔ ان ٹرینوں کی بندش سے قبل مسافروں کے لیے کوئی متبادل انتظام نہیں کیا گیا ہے ۔وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری سبرت ساہو نے اس سلسلے میں ریلوے بورڈ کے چیئرمین کو لکھے ایک خط میں کہا ہے کہ اس سے پہلے بھی پرنسپل چیف آپریشن منیجر، ساؤتھ ایسٹ سنٹرل ریلوے ، بلاسپور کے حکم سے 31 مارچ کے حکم کے ذریعہ کل 10 ٹرینیں روکی گئی ہیں۔ ریاستی حکومت کی طرف سے گزشتہ 05 اپریل کو ایک خط لکھ کر مذکورہ ٹرینوں کے آپریشن کو برقرار رکھنے کی درخواست کی گئی تھی، لیکن ریاستی حکومت کی درخواست کو نظر انداز کر دیا گیا۔