بھٹی وکرامارکا اور ریاستی وزراء نے سرنگ میں بچاؤ کاموں کا جائزہ لیا

   

فوج، بحریہ اور دیگر اداروں کے ماہرین دن رات مصروف، بی ایس ایف سے تعاون کی خواہش
حیدرآباد۔/25 فروری، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی، جوپلی کرشنا راؤ اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے ہمراہ سری سیلم لفٹ بنک کنال ( ایس ایل بی سی ) میں سرنگ کی چھت منہدم ہونے کے واقعہ میں جاری بچاؤ کاموں کا جائزہ لیا۔ ناگرکرنول پہنچ کر ڈپٹی چیف منسٹر نے وزراء کے ساتھ فوج، بحریہ، مارکوز کمانڈوز، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، حیڈرا، جیالوجیکل سروے آف انڈیا، ایل اینڈ ٹی اور دیگر اداروں کے عہدیداروں اور ماہرین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جو مشترکہ کوششوں کے ذریعہ سرنگ میں پھنسے 8 مزدوروں کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ مزدوروں کو زندہ باہر نکالنے کیلئے ہر ممکن مساعی کی جارہی ہے اور گذشتہ چار دنوں سے جاری بچاؤ اور امدادی کام آخری مرحلہ میں پہنچ چکے ہیں۔ بھٹی وکرامارکا نے شخصی طور پر بچاؤ کاموں کا جائزہ لیا اور درپیش چیلنجس کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ فوج کے لیفٹننٹ کرنل وکاس، این ڈی آر ایف کے کمانڈنٹ پرسنا، ڈپٹی کمانڈنٹ سکھڈ، ایس ڈی آر ایف کے ریجنل فائر آفیسر سدھاکر راؤ اور دیگر عہدیداروں نے ڈپٹی چیف منسٹر اور عہدیداروں کو بچاؤ کاموں میں درپیش دشواریوں سے واقف کرایا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی بچاؤ کاموں کے بارے میں مسلسل ربط میں ہیں اور تفصیلات حاصل کررہے ہیں۔ ملک بھر سے ماہرین کو طلب کیا گیا ہے تاکہ ورکرس کو بحفاظت نکالا جاسکے۔ دن رات بچاؤ کام جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے بڑھتے بہاؤ اور بھاری ملبہ کے نتیجہ میں بچاؤ ٹیموں کو آگے بڑھنے میں دشواری ہورہی ہے۔ ماہرین متبادل راستوں کی تلاش کررہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے بارڈر سیکوریٹی فورس کے جنرل ہرپال سنگھ سے فون پر بات چیت کی اور بی ایس ایف کے ماہرین کی خدمات کی درخواست کی۔ اتم کمار ریڈی نے واقعہ کے سلسلہ میں اپوزیشن کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ بیانات پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں کو سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر بچاؤ کاموں میں حکومت سے تعاون کرنا چاہیئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بچاؤ ٹیموں کو کامیابی حاصل ہوگی۔1