بھگونت مان 16 مارچ کو چیف منسٹر پنجاب کا حلف لیں گے

   

نئی دہلی ؍ چندی گڑھ : بھگونت مان پنجاب کے چیف منسٹر کی حیثیت سے 16 مارچ کو کھٹکر کلاں میں حلف لیں گے ، جو شہید بھگت سنگھ کا آبائی گاؤ ںہے۔ عام آدمی پارٹی نے جمعہ کو یہ بات کہی جبکہ متوقع چیف منسٹر نے دہلی میں پارٹی کے نیشنل کنوینر اروند کجریوال سے ملاقات کی۔ 13 مارچ کو عام آدمی پارٹی امرتسر میں روڈ شو منعقد کرتے ہوئے پنجاب کے عوام کی محبت اور ان کے بھروسے کا شکریہ ادا کرے گی۔ حلف برداری تقریب اور روڈ شو دونوں موقعوں پر کجریوال شریک رہیں گے۔ عام آدمی پارٹی کی شاندار کامیابی کے ایک روز بعد بھگونت مان نے کجریوال اور ان کے والدین سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی اور ان کا آشیرواد لیا۔ عام آدمی پارٹی نے 117 اسمبلی نشستوں میں سے 92 جیتے ہیں۔ بھگونت مان نے حلقہ دھوری سے 58,206 ووٹوں کے فرق سے جیت درج کرائی ہے۔