بھیانک آتشزدگی سے دارالعلوم کی عمارت خاکستر، ایک ہلاک

   

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے قصبہ ترال میں آتشزدگی کے ایک بھیانک واقعے میں ایک دارلعلوم مکمل طور پر خاکستر ہوا اور اس میں زیر تعلیم ایک طالب کی موت واقع ہوئی جبکہ 6 دیگر طالب علم زخمی ہوگئے ۔ذرائع نے بتایا کہ ترال میں دارلعلوم شاہ ہمدان میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب آگ نمودار ہوئی۔انہوں نے کہا کہ آگ کے شعلوں، جنہیں دور دور سے دیکھا جا سکتا تھا، نے چشم زدن میں پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔محکمہ فائر اینڈ سروسز کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ہمیں رات کے بارہ بجے اس آتشزدگی کے بارے میں اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد فائر ٹندرس کو جائے موقع پر بھیج دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ فائر ٹندرس، پولیس اور مقامی لوگوں نے سخت محنت نے بعد آگ کو قابو میں کر لیا تاہم دارلعلوم کی عمارت مکمل طور پر خاکستر ہوگئی۔ذرائع نے بتایا کہ اس واقعے میں دارلعلوم میں زیر تعلیم ایک طالب علم کی موت واقع ہوئی جبکہ 6 دیگر زخمی ہوگئے ۔متوفی طالب علم کی شناخت 10 سالہ یاسر احمد ولد بشیر احمد ساکن کارمولہ کے طور پر کی گئی ہے جبکہ زخمی طالب علموں کی شناخت 12 سالہ ماجد احمد ولد بشیر احمد ساکن گلشن پورہ ترال، 15 سالہ اشفاق احمد ولد محمد اشرف، محمد الطاف ولد مسعود احمد ساکنان زادی ہارڈ، 12 سالہ عرفان احمد ولد بشیر احمد ساکن بٹہ گنڈ، 14 سالہ جاوید احمد ولد محمد یوسف ساکن گلشن پورہ اور نصیر احمد ولد عبداللہ ساکن دودھ مرگ ترال کے طور پر ہوئی ہے ۔زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال (ایس ایم ایچ ایس) سری نگر منتقل کیا گیا ہے ۔