نام ’’آزاد سماج پارٹی‘‘ ہوگا، پہلے ہی دن جلسہ پر پولیس کی پابندی
نوئیڈا ۔ /15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بھیم آرمی کے صدر چندر شیکھر نے سرگرم سیاست میں آنے کا اعلان کردیا ہے ۔ اس ضمن میں انہوں نے آج نوئیڈا میں ایک نئی پارٹی کا اعلان کیا ۔ ان کی نئی پارٹی کا نام ’’آزاد سماج پارٹی ‘‘ ہے ۔ نئی پارٹی کے اعلان کیلئے انہوں نے جلسہ منعقد کیا تھا لیکن پولیس نے اس جلسہ سے پابندی عائد کردی ۔ بھیم آرمی کے ارکان اور پولیس انتظامیہ میں ٹکراؤ ہوا ۔ دراصل ضلع انتظامیہ نے کورونا وائرس کی وجہ سے تفریحی مقامات اور عوامی مقامات کے علاوہ اجتماعی پروگراموں پر پابندی عائد کردی ہے ۔ بھیم آرمی نے جلسہ کیلئے جس مقام کا انتخاب کیا تھا اس علاقہ میں پولیس نے پابندی عائد کردی تھی ۔ اس لئے پولیس نے جلسہ کی اجازت نہیں دی ۔ بھیم آرمی کے ارکان نے پولیس ملازمین کے ساتھ بحث و تکرار بھی کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ چندر شیکھر یو پی کے 2022 ء میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں حصہ لیں گے ۔ وہ دلتوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں گے اور اپنی پارٹی کو دلتوں کی آواز اٹھانے والی پارٹی بنائیں گے ۔