کلکٹر و ایس پی نے حالات کا جائزہ لیا، ڈاکٹر امبیڈکر کے جدید مجسمہ کی تنصیب کیلئے بلدیہ کی جانب سے 5 لاکھ روپئے کی حوالگی
بھینسہ : بھینسہ میں امبیڈکر مجسمہ نقصان واقعہ پر پولیس کی جانب سے احتیاطی و امن و سلامتی کے لیے تجارتی کاروباری اور تعلیمی اداروں کو بند کروایا گیا اور آج تیسرے روز بند کے دوران صبح چھ بجے سے صبح آٹھ بجے تک اور شام پانچ بجے سے شام سات بجے تک اشیائے ضروریہ کی خرید و فروخت کیلئے نرمی دی گئی اور آر ٹی سی بس سرویس کو بس اسٹانڈ کے بجائے نرمل سہہ راہا سے بحال رکھا گیا اور شہر کے اہم و حساس مقامات کے علاوہ بس اسٹانڈ علاقے میں پولیس کا وسیع بندوبست کرتے ہوئے شہر کے حالات پر پولیس خصوصی نظر مرکوز کیے ہوئے ہیں جبکہ ضلع کلکٹر مشرف علی فاروقی اور ایڈیشنل کلکٹر ہیمنت بورکڈے ، ضلع ایس پی سی ایچ پراوین کمار نے بھینسہ میں حالات کا جائزہ کے لیے دورہ کرتے ہوئے بس اسٹانڈ علاقہ میں پیدل گشت کرتے ہوئے مکمل معائنہ کیا اور امبیڈکر مجسمہ کے مقام پہنچ کر تفصیلی جائزہ لیا جہاں امبیڈکر مجسمہ کمیٹی کے ذمہ داروں جن میں ایم سائیلو میسیکر ، صدرمجسمہ کمیٹی پرسنجیت آگرے ، دیویداس ہسڈے ،شنکر چندرے ،گنگا دھر ،مانک دگڑے ،ڈبلیوبھیم راؤ ،گڑپالے شنکر ،گوتم پنگلے، گریدھر جنگمے ، بھیم و دیگر نے ایک تحریری یادداشت کلکٹر کو پیش کرتے ہوئے اس واقعہ کی شدید مذمت کی اور جدید مجسمہ نصب ہونے پر یہاں ہر وقت پولیس پیکٹس قائم رکھنے اور مستقبل میں اس طرح واقعات کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کا مطالبہ کیا ۔ اس دوران ضلع کلکٹر مشرف علی فاروقی ، ضلع ایس پی پراوین کمار ، بھینسہ بلدیہ نایب صدر نشین محمد جابر احمد و دیگر نے کلکٹر کے تحت بھینسہ بلدیہ کی جانب سے پانچ لاکھ روپئے کا چیک جدید امبیڈکر مجسمہ کی تنصیب کے لیے امبیڈکر مجسمہ کمیٹی ذمہ داروں کے حوالے کرتے ہوئے کلکٹر نے امبیڈکر کو ملک کا عظیم رہنما اور بانی دستور قرار دیا ۔ اس موقع پر بھینسہ ایڈیشنل ایس پی کرن کھرے ، آر ڈی او لوکیشور راؤ ، تحصیلدار وشمبر ، بلدیہ کمشنر ایم اے علیم ، ٹاؤن سرکل انسپکٹر پراوین کمار ،رورل سرکل انسپکٹر چندر شیکھر کے علاوہ محکمہ مال ، محکمہ بلدیہ کے عہدیداران موجود تھے ۔ اس موقع پر میڈیا کی جانب سے بازار بحالی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ضلع ایس پی سی ایچ پراوین کمار نے کہا کہ بھینسہ میں بروز چہارشنبہ سے تمام تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کو 6 بجے صبح تا 3 بجے سہ پہر بحال کردیا جائیگا ۔ انھوں نے شہریوں سے امن و امان کی برقراری کے لیے پولیس کا تعاون کرنے اور افواہوں پر یقین نہ کرنے کی اپیل کی۔
