سارقین ایک لاکھ روپئے اور چار تولے سونا لے کر فرار ہونے میں کامیاب
بھینسہ /20 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھینسہ شہر میں گذشتہ روز دوپہر کے اوقات میں نامعلوم سارقین نے دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک مقفل مکان میں سرقہ کی واردات انجام دی ۔ایک لاکھ پندرہ ہزار نقد رقم اور چار تولہ سونے کے زیورات کا سرقہ کیا ۔ تفصیلات کے بموجب شہر کے کالونی علاقہ میں سنتوش ماتا نگر میں ٹوٹا سرینواس جو کنٹراکٹ لکچرر ہے اور ان کی اہلیہ بھی خانگی ملازمت کرتی ہے ۔ یہ لوگ اپنے مکان کو مقفل کرتے ہوئے ملازمت کیلئے روانہ ہوگئے اور شام کے اوقات مکان واپس لوٹنے پر مکان کے دروازے کا قفل ٹوٹا ہوا پایا اور مکان کے اندر موجود الماری کے دروازے ٹوٹے ہوئے تمام سامان بکھرا ہوا پایا جس پر مکان میں جانچ کرنے پر نقد رقم اور سونے کے قیمتی زیورات کو الماری میں غیر موجود پایا ۔ بعد ازاں بھینسہ ٹاون سرکل انسپکٹر سرینواس سب انسپکٹر بالاکرشنا پولیس جمعیت کے ہمراہ مقام واردات پہونچکر مکمل معائنہ کرتے ہوئے ماہرین فنگرس کی ٹیم کو طلب کرتے ہوئے تحقیقات کی ۔ ٹاون سرکل انسپکٹر سرینواس نے بتایا کہ اس واقعہ میں ایک لاکھ پندہ ہزار نقد رقم اور چار تولہ سونے کے زیورات کے سرقہ کی شکایت مکان مالک ٹوٹا سرینواس کی جانب سے درج کروائی گئی ۔ جس پر ایک مقدمہ درج کیا اور پولیس کی جانب سے ایک ٹیم تشکیل دیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ۔
