بھینسہ میں مسلم چوکیدار کے قتل کا معمہ حل

   

بین ریاستی 8 کے منجملہ چار ملزمین گرفتار ، اے ایس پی کی پریس کانفرنس

بھینسہ ۔ 15 مارچ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ پڑگل فیکٹری کے مسلم چوکیدار شیخ احمد 60 سالہ متوطن موضع سرالا کے قتل میں ملوث بین ریاستی آٹھ کے منجملہ چار خاطیوں کو بھینسہ پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے میڈیا کے روبرو پیش کیا پولیس اسٹیشن میں پریس کانفرنس سے مخاطب کرکے بھینسہ اے ایس پی کانتی لال پٹیل آئی پی ایس نے بتایا کہ 8 مارچ کو بھینسہ پڑگل فیکٹری میں پیش آئے قتل کی واردات میں ریاست بہار کے آٹھ افراد جن میں رام پریت ساڈا ، بھیرو ساڈا ، بٹّو ساڈا ، پنکج ساڈا ، شیام یادو ، سوبھود ساڈا ، یوگی ساڈا (یوگیندر ساڈا) اور منتون ساڈا شامل ہے جنکی تلاش کے لئے بھینسہ پولیس نے مدہول ایس آئی تروپتی ، اے آر ایس آئی درشن سرینواس اور دو کانسٹیبل پر ٹیم اور آئی ٹی ٹیم تشکیل دیکر ریاست بہار روانہ کیا جہاں دو خاطیوں جن میں رام پریت ساڈا اور بھیرو ساڈا کو بہار کے مچھرا گاؤں سے گرفتار کیا جبکہ مزید دو خاطیوں بٹّو ساڈا اور پنکج ساڈا کو بھینسہ سے گرفتار کیا گیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ قتل کی واردات ہولی تہوار کی رات فیکٹری میں دعوت اور شراب نوشی کرتے ہوئے مقتول شیخ احمد اور آٹھ خاطیوں کے درمیان بحث و تکرار گالی گلوچ اور جھگڑا ہوا ، اس دوران چھت کے اوپر سے مقتول شیخ احمد کو ڈھکیلنے سے اُس کی نیچے گر کر موقع واردات پر ہی موت ہوگئی جس کے بعد آٹھ خاطیوں نے نعش کو چھت کے پچھلے حصہ میں موجود گھانس اور جھاڑیوں میں پھینک کر راہ فرار اختیار کرلی جس میں سے چار خاطیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے ، جنکو عدالتی تحویل میں پیش کردیا جائیگا اور دیگر چار کی تلاش جاری ہے ۔ آخر میں انھوں نے پولیس ٹیم کی کامیاب کارروائی پر مبارک دیتے ہوئے ستائش کی ۔ اس پریس کانفرنس میں ٹاؤن سرکل انسپکٹر ایل سرینو کے علاوہ سب انسپکٹران محمد غوث ، گنیش اور شیوا کے علاوہ دیگر پولیس جوان موجود تھے۔