بھینسہ میں پولیس کا کارڈن سرچ

   

دستاویزات کی عدم دستیابی پر 75 موٹر سائیکلس اور 10آٹوضبط

بھینسہ۔/23 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر کے عمر فاروق کنٹہ ایریا میں محکمہ پولیس کی جانب سے ضلع نرمل ایس پی ششی دھر راجو کی قیادت میں کارڈن سرچ آپریشن کے ذریعہ گھر گھر تلاشی لی گئی۔ اس آپریشن میں ضلع ایڈیشنل ایس پی دکشنا مورتی ، ڈی ایس پی راجیش، سرکل انسپکٹران وی سرینواس( ٹاون ) اور پراوین کمار (رورل ) کے علاوہ ڈیویژن کے سب انسپکٹران اور 100 سے زائد پولیس جوان شامل تھے۔ اس موقع پر گھر گھر تلاشی کرتے ہوئے دستاویزات کی عدم دستیابی پر 75 موٹر سیکلیں، 10 اٹو رکشا ،دوموٹر جیپ اور ایک ٹریکٹر کو پولیس تحویل میں لیتے ہوئے عمر فاروق کنٹہ ایریا کے پرائمری اردو اسکول کے احاطہ میں رکھا گیا۔ اس موقع پر ضلع ایس پی ششی دھر راجو نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ بھینسہ شہر کے کنٹہ ایریا میں کارڈن سرچ آپریشن انجام دیا گیا ہے جس کے ذریعہ گھر گھر تلاشی لی گئی اور دستاویزات کی عدم دستیابی پر موٹر سیکلیں، آٹو رکشا، موٹر جیپ اور ٹریکٹر کو ضبط کیا گیا ہے اور دستاویزات کی جانچ کے بعد کارروائی انجام دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں ٹریفک قوانین پر عمل آوری بے حد ضروری ہے اور سفر کے دوران ہیلمٹ کا استعمال بے حد ضروری ہے تاکہ حادثاتی واقعہ سے محفوظ رہتے ہوئے عوام اپنی قیمتی زندگیوں کی حفاظت کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام موٹر سیکل اور موٹر گاڑی چلانے کے دوران نشہ کا استعمال اور گٹکھا استعمال نہ کریں۔ بعد ازاں موٹر سیکلوں کے دستاویزات کی جانچ کی گئی۔