حیدرآباد: تلنگانہ میں کورونا کی دوسری لہر کے آغاز کے بعد عوام میں بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ماہرین نے کورونا کی دوسری لہر کو پھیلاؤ کے اعتبار سے زیادہ خطرناک قراردیتے ہوئے ہجوم کے مقامات پر ڈبل ماسک استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق پُرہجوم مقامات پر کورونا کے غیر علامتی مریضوں کی موجودگی کا خطرہ رہتا ہے ایسے میں کورونا سے بچاؤ میں دوہرے ماسک کا استعمال مفید ثابت ہوگا۔ ڈائرکٹر انٹرنل میڈیسن ڈاکٹر رومیل ٹیکو نے کہا کہ کوئی بھی شخص سرجیکل ماسک اور کپڑے کا ماسک ایک ساتھ استعمال کرسکتا ہے یا دو ماسک کپڑے کے بھی کورونا سے بچاؤ میں مفید ثابت ہوں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ N-95 ماسک کی صورت میں ڈبل ماسک استعمال کرنے کی ضرورت نہیں۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ سرجیکل ماسک کے اوپر کپڑے کا ماسک استعمال کیا جائے تو وہ وائرس کیلئے زیادہ محفوظ رہے گا۔ ہجوم کے مقامات کے علاوہ دیگر مقامات پر عوام کیلئے ایک ہی ماسک کافی رہے گا۔