بہادر ای ڈی، سی بی آئی، نارکوٹکس حکام کو سرحد پر بھیجیں!

   

غیربی جے پی ریاستوں کو پریشان کرنے کے بجائے دہشت گردوں پر توجہ دیں: راوت
ممبئی : شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے پیر کو جموں و کشمیر میں دہشت گردانہ حملے میں بہاری مزدوروں کاقتل اور غیربی جے پی اقتدرار والی ریاستوں میں مرکزی جانچ ایجنسیوں کے غلط استعمال کے معاملے پر مرکزی حکومت پر نشانہ بنایا۔مرکزی حکومت پر طنز کرتے ہوئے راوت نے کہا کہ انہیں (مرکزی حکومت) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن اور نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے اپنے بہادر افسران کو ریاستی حکومت کے حکام اور سیاسی قائدین کو پریشان کرنے کے بجائے قوم کی سلامتی کے لئے سرحد پر بھیجناچاہیے ۔انہوں نے آج یہاں نامہ نگاروں کو بتایاکہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو ملک کو بتانا چاہیے جموں و کشمیر سے متعلق آئین کے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد وادی میں کیا ہورہا ہے ۔ وادی کشمیر میں بہاری مزدوروں، کشمیری پنڈتوں اور سکھوں کا قتل ایک سنگین معاملہ ہے ۔ مرکزی حکومت پر طنز کرتے ہوئے شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ نے کہ حکومت نے کہا ہے کہ ہم پاکستان پر سرجیکل اسٹرائیک کریں گے ۔ چین کے معاملے پر خاموش کیوں ہیں۔ وہ (مرکزی حکومت) کیوں نہیں کہتے کہ وہ لوگ (مرکزی حکومت) چین پر سرجیکل اسٹرائیک کریں گے ۔