بہادر پورہ قتل کیس ، 2 ملزمین گرفتار

   

حیدرآباد ۔ /16 جون (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ بہادر پورہ زو پارک کے قریب دو ہفتے قبل پیش آئے ایک نوجوان کے قتل میں ملوث دو خاطیوں کو ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 23 سالہ محمد آصف ساکن کمارواڑی اور اس کے ساتھی 23 سالہ سلمان خان ساکن تاڑبن کالا پتھر نے یکم جون کو اپنے ایک ساتھی وسیم کا بہیمانہ طور پر قتل کردیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ محمد آصف اور سلمان خان نے وسیم کو بات کرنے کے بہانے زو پارک کے قریب لے گئے اور شراب نوشی کے بعد تینوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی جس کے نتیجہ میں آصف اور سلمان نے وسیم کے سر پر وزنی پتھر ڈالکر قتل کردیا ۔ نعش کی شناخت کو پوشیدہ رکھنے کیلئے وسیم کے جسم پر پٹرول چھڑک کر آگ لگادی گئی ۔ یکم جون کو نہرو زوالوجیکل پارک بہادر پورہ کے قریب اس نوجوان کی نعش دستیاب ہونے پر پولیس بہادر پورہ نے اس سلسلے میں ایک قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور ٹاسک فورس ٹیم نے مقامی سی سی ٹی وی کیمروںکی مدد سے خاطیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے قتل میں استعمال کی گئی موٹر سائیکل ضبط کرلی ۔