سٹہ، گانجہ، شراب کا عام استعمال، غیر سماجی عناصر کی نقل و حرکت ، عوام پریشان حال
حیدرآباد۔/21 فبروری، ( سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ بہادر پورہ کی عوام ان دنوں غیر سماجی سرگرمیوں سے پریشان ہے ۔ بہادر پورہ پولیس اسٹیشن حدود میں سٹہ، گانجہ اور شراب و دیگر غیر سماجی عناصر کی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ دوسرے مقامات سے نوجوان نسل گانجہ اور سٹہ کیلئے ان علاقوں میں آتے ہیں۔ چونکہ راجندر نگر اور بہادر پورہ کے پولیس حدود پر محیط بہادر پورہ ، کشن باغ اور ان علاقوں کی کالونیاں پائی جاتی ہیں۔ ان علاقوں میں غیر سماجی عناصر کی سرگرمیاں اور غیر قانونی کاروبار پولیس کی موجودگی پر سوالیہ نشان بن گیا ہے جبکہ ان علاقوں میں پولیس کی گشت بھی جاری رہتی ہے اور حساس نوعیت کے علاقوں میں ان کا شمار بھی ہوتا ہے۔ کشن باع کے علاقہ میں تعمیر شدہ پارک اور اس کے قریب واقع بی ایس این ایل آفس کے قریب اراضی پر اور لاری اڈہ اور آس پاس کم عمر لڑکے گانجہ کا استعمال کرتے ہیں۔ نوجوان نسل کو تباہ کرنے والی ان سرگرمیوں کا ان علاقوں میں پایا جانا مقامی عوام میں حیرت و تشویش کا باعث بن رہا ہے۔ کم عمر بچے ، تعلیم یافتہ اور مزدور پیشہ نوجوان نسل ان غیر سماجی اراکین کی سرگرمیوں کے سبب گانجہ اور شراب کی لت کا شکار ہورہی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کشن باغ، اسد بابا نگر، نجم نگر، چراغ علی نگر، محمود نگر اور دال منڈی جیسے علاقوں میں عوام بڑی تکلیف کا شکار ہیں اور ان سرگرمیوں پر توجہ دلانے کے باوجود اقدامات نہ ہونے سے اب وہ شکایت کرنے سے بھی خوف کا شکار ہورہے ہیں۔ ان علاقوں کے چند مکانات اور مخصوص مقامات پر گانجہ و شراب کی فروخت اور سٹہ کا کاروبار چلانے کی ٹھوس اطلاعات پائی جاتی ہیں۔ جبکہ ان مقامات کی نشاندہی نہیں ہوپائی ہے۔ گانجہ اور دیگر نشیلی ادویات کا استعمال نوجوان نسل کی تباہی کا سبب بن رہا ہے اور گانجہ کی لعنت کا شکار نوجوان نسل کا رجحان جرائم کی طرف بھی مائل ہوسکتا ہے۔ ان علاقوں میں کارڈن سرچ جیسے آپریشن اور پولیس کی چوکسی کے باوجود ایسی سرگرمیوں کا جاری رہنا تشویش کا باعث بنا ہوا ہے اور پولیس کی خاموشی پولیس کو الزامات کے دائرے میں لیتی ہے اور معاملہ کو اپنے مفاد کی خاطر دیکھا ان دیکھا کرنے کے پولیس پر الزامات پائے جاتے ہیں۔ اعلیٰ پولیس عہدیداروں کو چاہیئے کہ وہ ان علاقوں میں زندگی بسر کرنے والی عوام کی شکایات کو دور کرتے ہوئے انہیں راحت فراہم کرنے کے اقدامات کریں اور عوام میں پولیس کے اعتماد کو بحال کرنے اور برقرار رکھنے کے مثبت اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ نوجوان نسل کو تباہی و بربادی سے بچایا جاسکے۔