پائپ لائین کی تعمیر کیلئے کھدائی سے عوام کو مشکلات، عوامی نمائندے اور عہدیدار توجہ دیں
حیدرآباد۔23۔ جون (سیاست نیوز) پرانے شہر کے بہادر پورہ علاقہ کے عوام کی مشکلات میں کمی کے بجائے اضافہ ہورہا ہے۔ علاقہ میں نئے برج کی تعمیر سے عوام کو امید تھی کہ ٹریفک کے مسائل میں کمی واقع ہوگی لیکن برج کی تعمیر کے بعد مقامی افراد کیلئے نئے مسائل پیدا ہوچکے ہیں ۔ بارش کے پانی کی نکاسی کا موثر انتظامات نہیں ہے جس کے نتیجہ میں مسلخ سے بہتا ہوا گندا پانی دکانات میں داخل ہورہا ہے۔ مانسون کی آمد کے باعث مقامی دکانداروں اور عوام کو آئندہ تین ماہ تک دشواریوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ برج کی تعمیر کی تکمیل کے بعد واٹر ورکس کی جانب سے پائپ لائین کی تعمیر کیلئے کھدائی کا کام انجام دیا گیا۔ برج سے عین قبل واٹر ورکس حکام نے جو کھدائی کی ہے ، اس سے ٹریفک کے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ پائپ لائین کی تعمیر کا کام دن رات مکمل کرنے کے بجائے انہیں چھوڑ دیا گیا ہے۔ عام طور پر نئے برج کی تعمیر سے قبل ہی پائپ لائین کے کام مکمل کئے جاتے ہیں تاکہ نئی سڑک کو نقصان نہ ہو۔ مقامی افراد نے شکایت کی ہے کہ متعلقہ رکن اسمبلی اور متعلقہ کارپوریٹر کو بارہا توجہ دلانے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ مقامی افراد نے واٹر ورکس اور جی ایچ ایم سی حکام سے خواہش کی ہے کہ پانی کی نکاسی کا موثر انتظام کیا جائے تاکہ بارش کے دوران عوام اور تاجرین کو دشواری نہ ہو۔ اس کے علاوہ پائپ لائین کی تعمیر کا کام بھی جلد مکمل کیا جائے ۔ بارش کے ساتھ ہی بہادر پورہ چوراہا تالاب میں تبدیل ہوجاتا ہے۔ر