بہار:جرائم کے ذریعے دولت کمانے والوں کی جائیدادوں کی ضبطی

   

پٹنہ۔6 ۔ اگست (یواین آئی) بہار پولیس نے جرائم کے ذریعے بے پناہ دولت جمع کرنے والے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی شروع کردی ہے ۔بہار پولیس نے تمام اضلاع سے ایسے 1300 مجرمین کی فہرست تیار کی ہے ، جن کی غیر قانونی جائیداد ضبط کرنے کا عمل شروع ہو گیا ہے ۔ اس میں کشن گنج کے تین بدنام زمانہ مجرم، ٹھاکر گنج تھانے کے نگر پنچایت باشندہ رحیم الدین عرف ہیبر، وشن پور تھانہ علاقہ باشندہ چاند حسین عرف چاند اور صدر تھانہ کے گڑکھا باشندہ محمد قربان شامل ہے ۔ اس کے علاوہ نواد کے نرہٹ تھانہ علاقہ کے بدنام زمانہ مجرم اجے کمار عرف دیپم عرف دیپک کی جائیداد ضبط کرنے کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ اس کی سرگرمی خاص طور پر ریت کی غیر قانونی کان کنی میں رہی ہے ۔ ان کے علاوہ عدالت نے پٹنہ، جہان آباد سے ایک۔ ایک مجرم اور گیا اور مظفر پور سے دو ۔دو مجرموں کی غیر قانونی جائیداد کو ضبط کرنے کا حکم جاری کیا ہے ۔ اس کا عمل بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ بہار کے تمام 38 اضلاع کے 1234 تھانہ علاقوں سے 1300 ایسے مجرموں کی نشاندہی کی گئی ہے جنہوں نے اپنے کالے کرتوتوں کے ذریعے غیر قانونی جائیدادیں جمع کی ہیں۔ انہیں ضبط کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔ ان مجرموں کی غیر قانونی جائیداد کو تین مراحل میں ایس ڈی پی او، ایس پی اور پھر آخری سطح پر عدالت سے اجازت ملنے کے بعد ضبط کیا جاتا ہے ۔ ضلعی سطح پر تصدیق کے بعد بالآخر تمام اضلاع میں ایسے 279 مجرموں کی شناخت کر لی گئی ہے ، جن کی تجویز عدالت کو بھیج دی گئی ہے ۔ اب عدالت سے حتمی سطح کی اجازت ملنے کے بعد ضبطی کا عمل شروع کیا جائے گا۔غیر قانونی جائیداد ضبط کرنے کی سب سے زیادہ تجاویز پٹنہ ضلع سے 82 مجرموں کے خلاف آئی ہیں۔ اس کے بعد گیا سے 55 مجرم، روہتاس سے 49، موتیہاری سے 48، مظفر پور سے 43، بھاگلپور سے 43، مدھوبنی سے 42، نالندہ سے 41، دربھنگہ سے 39، سمستی پور سے 35، سارن سے 36، ویشالی سے 33، پورنیہ سے 32، سیوان سے 27 ، بکسر سے 24 مجرموں کی شناخت کی گئی ہے ۔ اور ان کی جائیداد ضبط کرنے کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے