بہار اسمبلی الیکشن آج آخری مرحلہ کی پولنگ

,

   

پٹنہ : بہار میں اسمبلی انتخابات کے تیسرے و آخری مرحلے کی پولنگ ہفتہ /7 نومبر کو مقرر ہے جس پر تمام تر نظریں مرکوز ہیں کیونکہ برسراقتدار این ڈی اے بھرپور کوشش کررہی ہے کہ مخالف حکومت عنصر کو ٹالتے ہوئے کامیابی حاصل کی جائے جبکہ اپوزیشن عظیم اتحاد ظاہر طورپر پیشقدمی کرتا نظر آرہا ہے ۔ آر جے ڈی کی قیادت میں مہاگٹھ بندھن نے جس میں کانگریس اور بائیں بازو کی پارٹیاں شامل ہیں ، سمجھا جاتا ہے کہ ابتدائی دونوں مرحلوںمیں اچھا مظاہرہ کیا ہے ۔ 243 رکنی اسمبلی کے 78 حلقوں میں تقریباً 2.34 کروڑ رائے دہندے 1204 امیدواروں کی انتخابی قسمت کا فیصلہ کریں گے ، جن میں اسپیکر اسمبلی اور ریاستی کابینہ کے 12 ارکان شامل ہیں ۔ کل کے مرحلہ میں قابل لحاظ مسلم ووٹروں والے خطہ سیمانچل میں بھی پولنگ ہوگی ۔ اسمبلی چناؤ کے علاوہ والمیکی نگر لوک سبھا نشست کیلئے بھی وو ڈالے جائیں گے جہاں موجودہ جے ڈی یو رکن پارلیمنٹ بیدیاناتھ مہاتو کی موت کے سبب ضمنی چناؤ کی ضرورت پڑی ہے ۔ چیف منسٹر نتیش کمار اور وزیراعظم نریندر مودی پر بہار کا چناؤ جیتنے کیلئے کافی دباؤ ہے کیونکہ تیجسوی یادو کی قیادت میں آر جے ڈی واپسی کرتی نظر آرہی ہے ۔ علاوہ ازیں ایل جے پی کے چراغ پاسوان بھی نتیش کمار کی کھلی مخالفت کررہے ہیں ۔ دونوں نوجوان قائدین کے سبب بی جے پی اور جے ڈی یو پر کافی دباؤ ہے ۔ اسد اویسی کی اے آئی ایم آئی ایم بھی اس مرحلہ میں کئی نشستوں پر مقابلہ کررہی ہے ۔ ان کے ساتھ بی ایس پی شامل ہے ۔