بہار الیکشن کے نتائج کا آج اعلان

,

   

پٹنہ : بہار اسمبلی کے انتخابات کے ووٹوں کی گنتی منگل 10 نومبر کو ہوگی جس کیلئے الیکشن کمیشن کے حکام نے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ ووٹوں کی گنتی کی شروعات صبح کے ابتدائی اوقات میں ہوگی ۔ اتفاق سے ایک روز قبل آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو کی 31 ویں سالگرہ منائی گئی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ 7 نومبر کو تیسرے اور آخری مرحلے کے اختتام پر تمام ایگزٹ پولس میں آر جے ڈی و کانگریس و دیگر پارٹیوں کے ’’مہا گٹھ بندھن‘‘ کو بی جے پی ۔ جے ڈی یو پر مشتمل ’’این ڈی اے‘‘ کے مقابل واضح برتری بتائی گئی۔ اس اعتبار سے 243 رکنی اسمبلی میں ممکنہ کامیابی کے پیش نظر مہا گٹھ بندھن کیمپ میں خوشی کی لہر پائی جاتی ہے۔ تیجسوی کے والد اور آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد نے آج رانچی میں راجندر انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس سے فون کرکے اپنے بیٹے کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔ لالو کے کیس میں سی بی آئی نے مزید وقت مانگا ہے اس لئے کیس کی سماعت 27نومبرپر ڈال دی گئی ہے ۔ چیف منسٹر نتیش کمار تین میعاد مکمل کرچکے ہیں اور مخالف حکومت عنصر نے چوتھی مرتبہ ایسا لگتا ہے کہ انہیں اور ان کے اتحاد کو زک پہنچائی ہے۔