بہار انتخابات نتیش کمار کی قیادت ہی میں لڑے جائیں گے : بی جے پی

   

ریاستی قیادت میں تبدیلی کیلئے ایل جے پی کی تجویز عملا مسترد۔ کارکنوں و قائدین کو این ڈی اے کی کامیابی کیلئے جدوجہد کی ہدایت

پٹنہ 6 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے لوک جن شکتی پارٹی کے صدر چراغ پاسوان کی اس تجویز کو مسترد کردیا کہ بہار میں این ڈی اے کی قیادت میں تبدیلی کی جاسکتی ہے اور اگر ایسا کیا جائے تو ان کی پارٹی تائید کریگی ۔ بی جے پی نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ ریاست میں اسمبلی انتحابات صرف چیف منسٹر نتیش کمار کی قیادت ہی میں لڑے جائیں گے ۔ بی جے پی کے بہار انچارج بھوپیندر یادو اور ایک اور پارٹی لیڈر بی ایل سنتوش نے پارٹی کے ریاستی قائدین و ورکرس کے ساتھ کل رات منعقدہ ایک اجلاس میں حالات کا جائزہ لینے کے بعد یہ واضح پیام جاری کیا ہے ۔ بھوپیندر یادو نے کہا کہ سابق بی جے پی صدر و وزیر داخلہ امیت شاہ نے اس سلسلہ میں پہلے ہی اعلان کردیا تھا کہ نتیش کمار ہی بہار میں این ڈی اے کا چہرہ ہونگے اور انہیں کی قیادت میں انتخابات لڑے جائیں گے ۔ بی جے پی اس موقف پر قائم ہے ۔ نتیش کمار ہی ہمارا چیف منسٹر کا چہرہ ہونگے اور انتخابات میں مرکزی و ریاستی حکومتوں کی پالیسیوں اور کامیابیوں کو ہی عوام کے سامنے پیش کیا جائیگا ۔ بھوپیندر یادو نے اپنے اس بیان کے ذریعہ ریاست میں اپنی پارٹی کے قائدین و کارکنوں کے علاوہ حلیف جماعتوں کیلئے بھی ایک واضح پیام دیدیا ہے اور کہا کہ اب اس مسئلہ پر کوئی الجھن نہیں ہونی چاہئے ۔ امیت شاہ نے 2019 ہی میں اعلان کیا تھا کہ نتیش کمار اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کی قیادت کرینگے ۔ بی جے پی کے کیڈر اور قائدین کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس حقیقت کو ذہن میں رکھیں اور اسی کے مطابق اتحاد کی کامیابی کیلئے کام کریں۔ بی جے پی لیڈر کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایل جے پی کے صدر چراغ پاسوان نے کل ہی ایک انٹروے دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر بی جے پی بہار میں این ڈی اے کی قیادت میں تبدیلی کرنا چاہتی ہے تو ان کی پارٹی اس کی تائید کریگی ۔

بہار میں جاریہ سال کے اواخر تک اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ چراغ پاسوان نے حال ہی میں چیف منسٹر بہار کی جانب سے کورونا وباء سے نمٹنے کے طریقہ کار پر تنقید کی تھی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ مائیگرنٹس کے مسئلہ سے مزید بہتر انداز میں نمٹا جاسکتا تھا ۔ انہوں نے اس بات کا اعتراف بھی کیا تھا کہ بہار سے ورکرس جو دوسری ریاستوں سے واپس آ رہے ہیں ان میں حکومت کے تعلق سے ناراضگی بھی پائی جاتی ہے ۔ بی جے پی لیڈر بھوپیندر یادو نے یہ واضح کردیا کہ پارٹی کے تمام کارکنوں کو چاہئے کہ وہ اس بات کی فکر نہ کریں کہ کونسی پارٹی کتنی نشستوں پر مقابلہ کر رہی ہے ۔ کسی بھی جماعت کو کتنی بھی نشستیں الاٹ ہوں این ڈی اے متحدہ طور پر مقابلہ کر رہا ہے اور ہمیں تمام 243 نشستوں کیلئے تیاری کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ 7 جون کو بہار میں امیت شاہ کی جو ریلی ہونے والی ہے اسے پارٹی کارکن انتخابی بگل ہی سمجھیں۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ہر اسمبلی حلقہ کیلئے ایک واٹس اپ گروپ تیار کریں اور وہاں کے ایسے رائے دہندوں کو اس گروپ میں شامل کریں جو کسی بھی پارٹی سے تعلق نہیں رکھتے ۔ انہوں نے کہا کہ بہار انتخابات کے پیش نظر ہر اسمبلی حلقہ میں دو ریلیاں ضرور منعقد کی جائیں گی ۔پارٹی کارکنوں کو اس کیلئے ابھی سے تیاریاں شروع کردینی چاہئے اور تن آسانی سے کام نہیں لینا چاہئے ۔