بہار میں 85 لاکھ، آسام میں 1716دیہاتوں کے 22 لاکھ لوگ متاثر
گوہاٹی/پٹنہ۔29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آسام اور بہار میں موسلادھار بارش کی وجہ سے ندیوں میں باڑھ کے سبب گزشتہ اتوار کو 209 لوگ مارے گئے اور دونوں ریاست کے تقریباً 1.06 کروڑ لوگ متاثر ہوگئے۔ آسام میں ایٹا ضلع میں ایک اور آدمی کے مرجانے سے مرنے والوں کی تعداد 82 ہوگئی۔ آسام میں 1716 دیہاتوں کے 21.68 لاکھ گائوں کے رہنے والے سیلاب سے متاثر ہوگئے۔ بارہ پیٹا کے علاوہ دیگر 17 متاثرہ اضلاع میں دھیمائی، سونت دھرنو، بکسا، نالباری، چرانتو بنگئی گائوں، کوکرائی ہار وغیرہ شامل ہیں۔ خطرے کی سطح پر بہنے والی ندیوں میں برہما پترا، نیاماٹ اور دھوبری شامل ہیں۔ بہار میں سیلاب کی صورتحال میں ان دنوں کوئی بہتری نہیں آئی۔ اگرچہ یہاں دوسرے دن بھی صورتحال کافی سنگین رہی مگر مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیںہوا۔ 127 لوگ مارے گئے اور 85 لاکھ سے زائد لوگ سیلاب سے متاثر ہوگئے۔ سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ضلع دربھنگہ ہے۔ یہاں دو لوگ مارے گئے۔ ہیاگھاٹ کے ریلوے پل پر سے بہنے والا پانی خطرے کے نشان تک پہنچ چکا ہے۔ ایسٹ سنٹرل ریلوے نے دربھنگہ اور سمستی پور کے درمیان ٹرینوں کی آمد ورفت بند کردی ہے۔ سیلاب سے اس ضلع میں 200 پنچایتوں کے 13.25 لاکھ لوگ متاثر ہوئے۔ 113 پٹرول سے چلنے والی کشتیوں اور 876 سرکاری ملازمین کو عوام کی بازآبادکاری کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔ اینڈین ایرفورس نے فضاء سے غذائی اشیاء اور دیگر راحتی امور کی انجام دہی کے لیے دو ہیلی کاپٹر مختص کئے ہیں۔ اس کے علاوہ این ڈی آر ایف نے 8 ویں بٹالین کی 9 ٹیموں کو بھی متاثرہ علاقے میں مصرف کردیا ہے۔