چھاپرا (بہار): ہندوستان میں ہجومی تشدد کی لعنت ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ دن بہ دن اس میں اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔ او رحکومت اس کے ختم کرنے کی جھوٹی تسلیاں دیتی رہی ہیں۔ ایک تازہ ترین واقعہ میں بہار کے ضلع سارن میں پیش آیا۔ جہاں ہجوم نے بھینس کے چوری کے الزام میں چار افراد کی زبردست پٹائی کردی۔جس کے نتیجہ میں تین افراد ہلاک ہوگئے جبکہ چوتھا شخص انتہائی تشویش ناک عالم میں دواخانہ میں زیر علاج ہے۔ لیکن دوسری جانب مہلوکین کے رشتہ داروں نے چوری کے الزام کو مسترد کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بنیاپور پولیس اسٹیشن حدود میں موضع پٹھوری کے ساکنین راجو نٹ، بیدس نیٹ او رنوشاد قریشی بندھی ہوئی بھینس کھولنے کی کوشش کررہے تھے۔
بعض دیہاتیوں نے انہیں دیکھ کر بھینس کے چوری کا شبہ خیال کیا۔ فوری سینکڑوں لوگ وہاں جمع ہوگئے اور ان تینو ں کو پکڑکر مارنے پیٹنے لگے، انہیں بمبوؤں، آہنی سلاخوں او راینٹوں سے مارا جانے لگا ان میں تین برسر موقع ہلاک ہوگئے۔ جبکہ چوتھا شخص دواخانہ میں زیر علاج ہے جہاں اس کی حالت نہایت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہرکشور رائے نے بتایا کہ اس حملہ کے سلسلہ میں تین افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
مہلوکین کے رشتہ دارو ں نے بتایا کہ یہ تینو ں رفع حاجت کیلئے کھلے میں گئے ہوئے تھے کہ ہجوم نے جھوٹا الزام عائد کر کے ان پر حملہ کردیا۔ بتایاجاتا ہے کہ ان مہلوکین میں ان اقلیتی طبقہ سے تعلق ہے وہیں دیگر تین افراد کا تعلق دلت طبقہ سے ہے۔ پولیس نے نعشوں کو بغر ض پوسٹ مارٹم کیلئے دواخانہ بھیج دیا۔ متوفیو ں کے اہل خانہ کے ساتھ سینکڑوں افراد نے اسپتال پہنچ کر دھرنا دیا۔ حالات کشیدہ دیکھتے ہوئے پولیس کی بھاری جمعیت متعین کردی گئی۔