پنجاب کی سیوا دل راحت رسانی میں مصروف، مجلس بلدیہ پٹنہ بھی متحرک
پٹنہ 6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) راجندر نگر (بہار) کا بیشتر حصہ بارش کے پانی کی وجہ سے ایک ہفتہ قبل زیرآب آگیا ہے لیکن اب یہ اور بھی گندہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے یہاں پر رہنے والوں اور یہاں کا سفر کرنے والوں کو ناقابل بیان مصائب کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ آر کے مالیاتی پٹی جو دینکر چوک معین الحق اسٹیڈیم چوراہا کے قریب واقع ہے، کی پوری بڑی سڑک اور دیگر گلیاں 30 ستمبر سے اب تک زیرآب ہیں۔ مقامی شہریوں کا الزام ہے کہ بلدی عہدیداروں میں سے کسی نے بھی مدد کے لئے ربط پیدا نہیں کیا۔ مکانوں میں اب بھی پانی بھرا ہوا ہے۔ صوفے، فریج اور دیگر فرنیچر و گھریلو استعمال کی اشیاء تباہ ہوچکی ہیں۔ پانی بھرے ہوئے 7 دن گزر گئے ہیں۔ گھر میں موجود بچے پوچھ رہے ہیں کہ مجلس بلدیہ کیا کررہی ہے۔ کیا ہمیں اِنہی حالات میں مقیم رہنا ہوگا۔ راجندر نگر ایک منصوبہ بند کالونی تھی جو آزادیٔ ہند کے بعد تعمیر کی گئی تھی لیکن اب پٹنہ کا بدترین علاقہ بن گئی ہے۔ ایسا سیلاب یہاں کے شہریوں نے قبل ازیں کبھی نہیں دیکھا تھا اور مجلس بلدیہ نے اِس کا مقابلہ کرنے کے لئے کوئی تیاری نہیں کی تھی۔ پہلے دن سطح آب اتنی اونچی تھی کہ اُسے دیکھ کر ڈر لگتا تھا۔