بہار میں تبدیلی کیلئے عظیم اتحاد کی کامیابی ضروری :سونیاگاندھی

,

   

نئی دہلی: کانگریس صدر سونیا گاندھی نے بہار اسمبلی انتخابات میں تبدیلی کو ضروری بتاتے ہوئے ریاست میں تبدیلی لانے کے لئے عوام سے عظیم اتحاد کو اقتدار سونپنے کی اپیل کی ہے ۔سونیا گاندھی نے منگل کو بہار کے عوام کے نام یہاں جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ بہار حکومت اپنے مقصد سے بھٹک گئی ہے جس سے مزدور،کسان اور نوجوان مایوس ہیں۔ معیشت نازک ہونے کی وجہ سے ریاست کے دلت اور مہادلت بدحالی کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں۔کانگریس عظیم اتحاد کو بہار کے عوام کی پکار اور آواز قرار دیتے ہوئے دہلی اور بہار کی حکومت کو انہوں نے ’بندی حکومتیں‘ بتایا اور کہا کہ یہ حکومت عوام کو نوٹ بندی ،تالا بندی ،تجارت بندی،اقتصادی بندی ،کھیت کھلہان بندی،روٹی روزگار بندی کے سوا کچھ نہیں دے رہی ہے اس لئے اس الیکشن میں بہار میں تبدیلی ضروری ہوگئی ہے ۔