ریاستی اسمبلی میں غیر معمولی ہنگامہ ۔ چیف منسٹر نتیش کمار پر بی جے پی اور آر ایس ایس کا غلبہ
نئی دہلی : کانگریس نے آج دعویٰ کیا کہ بہار میں جمہوریت کا قتل ہوچکا ہے جب کہ اپوزیشن لیجسلیٹرس کو ریاستی اسمبلی کے اندرون پولیس نے مبینہ مارپیٹ کا نشانہ بنایا ۔ بہار اسمبلی میں منگل کو غیر معمولی ہنگامہ دیکھنے میں آیا اور پولیس کو طلب کیا گیا جس نے لیجسلیٹرس کو کھینچ کر باہر کردیا جب کہ وہ اسپیکر کے چیمبر کے پاس احتجاجاً کھڑے تھے ۔ اپوزیشن عظیم اتحاد جس میں آر جے ڈی ، کانگریس اور بایاں بازو شامل ہیں ، اُس کے ارکان نے بہار خصوصی مسلح پولیس بل 2021ء پر شدید احتجاج کیا ۔ کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے کہا کہ وہ جو جمہوریت کو نکال پھینک رہے ہیں انہیں خود کو حکومت کا حصہ قرار دینے کا حق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن مفاد عامہ مسائل اٹھاتی رہے گی اور کسی چیز سے خوفزدہ نہیں ہوگی ۔ راہول نے ہندی میں ٹوئیٹ کیا اور کہاکہ بہار اسمبلی کے شرمناک واقعہ سے واضح ہوجاتا ہے کہ چیف منسٹر ( نتیش کمار ) بی جے پی اور آر ایس ایس کے زیر اثر کام کررہے ہیں ۔ کانگریس کے ترجمان اعلیٰ رندیپ سرجے والا نے عوام سے اپیل کی کہ بہار میں مبینہ پولیس زیادتی کے خلاف اپنی آواز اٹھائیں جہاں آر جے ڈی اور کانگریس ایم ایل ایز کو پولیس نے مبینہ طور پرزدوکوب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت میں جو بل پیش کیا ہے وہ پولیس کو اختیار دیتا ہے کہ کسی کو بھی شبہ پر سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ جمہوریت کا عمل نہیں ہوسکتا ۔