بہار میں راہول کی نیائے یاترا ۔ تیجسوی کی شرکت

,

   

پٹنہ: کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا اس وقت بہار کے ساسارام میں ہے۔ ساسارام میںبھارت جوڑو نیا ئے یاترا کے دوران بہار کے سابق نائب وزیر اعلی اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول کے ساتھ یاترا میں شامل ہوئے۔ تیجسوی یادو کو اس دور میں راہول کے معاون کے طور پر دیکھا گیا۔ تیجسوی یادو گاڑی چلا رہے تھے، اور ساتھ والی سیٹ پر راہول بیٹھے تھے۔راہول نے ساسارام میں بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران کسانوں سے بات چیت کی۔ اس دوران راہول نے شہر کی مرکزی سڑک پر جمع پرجوش ہجوم کی طرف ہاتھ ہلایا۔ راہول کو دیکھ کر سڑک کے دونوں طرف مقامی لوگ قطار میں کھڑے تھے۔آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے اس دوران کہاکہ آج راہول آئے ہیں، ہم ان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ وہ ملک کو متحد کرنے کیلئے پورے ملک میں کام کررہے ہیں، یہ بہت اہم ہے۔ ہمارے وزیر اعلیٰ کسی کی بات نہیں سننا چاہتے، وہ کہتے تھے ،میں مر جاؤں گا، لیکن بی جے پی میں نہیں جائوں گا۔ اس بار ہمیں کتنی ہی قربانی دینی پڑے۔اگر ہمیں قربانی دینا ہی پڑے تو ہم نتیش کمار کو نہیں لیں گے اور 2024 میں بی جے پی اور نریندر مودی کو اقتدار سے ہٹانے کیلئے کام کریں گے۔جمعرات کو بہار کے اورنگ آباد ضلع میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہول احتجاج کرنے والے کسانوں کی حمایت میں سامنے آئے اور کسانوں کا موازنہ ان فوجیوں سے کیا جو ملک کی حفاظت کیلئے ملک کی سرحدوں پر لڑتے ہیں۔ کانگریس لیڈر کسانوں کے ذریعہ دہلی چلو احتجاجی مارچ کا حوالہ دے رہے تھے جس میں فصلوں کی کم از کم امدادی قیمت اور قرض کی معافی پر قانون بنانے سمیت اپنے مطالبات کیلئے مرکز پر دباؤ ڈالنے کیلئے کیا گیا تھا۔
14 جنوری کو منی پور سے شروع کردہ ’’بھارت جوڑو نیا ئے یاترا‘‘ 67 دنوں میں 6,713 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی، 15 ریاستوں کے 110 اضلاع سے ہوتی ہوئی 20 مارچ کو ممبئی میں اختتام پذیر ہوگی۔