کئی علاقے ہنوز زیر آب ، 15 اضلاع بشمول پٹنہ بری طرح متاثر
پٹنہ۔3اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام) جمعرات کے دن سیلاب سے متاثرہ واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد 73تک پہنچ گئی جب کہ ریاست کے 15اضلاع بشمول دارالحکومت پٹنہ میں صورتحال سیلاب جیسی ہوگئی ہے ۔ سرکاری عہدیداروں کے بموجب ریاستی آفات سماوی انتظامیہ کے بموجب ہلاکتوں کی تعداد غرق ہونے ، دیواروں کے انہدام ، درختوں کے جڑسے اکھڑ کر لوگوں پر گرپڑنے اور برقی شاک کی وجہ سے شہریوں کی ہلاکت میں جملہ ہلاکتوں کی تعداد 73ہوگئی جب کہ ہنوز کئی افراد پھنسے ہوئے ہیں ۔ محکمہ نے تاہم حتی الامکان راحت رسانی کی ضلع واری سطح پر کوشش کی ہے ، تاہم وہ اس میں ناکام ہے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ بھاگل پور ضلع انتظامیہ کی توثیق کے بموجب یہاں 12ہلاکتیں ہوچکی ہیں اور یہ علاقہ امکان ہے کہ بدترین متاثرہ علاقہ ہو ۔ دریں اثناء فوج بھی راحت رسانی اور بچاؤ کارروائیوں میں مصروف ہے ۔ سڑتی ہوئی نعشوں کو زیرآب علاقوں سے کئی مقامات پر باہر نکالا گیا ہے ۔ پٹنہ میں معمولات زندگی شہر کے کئی علاقوں میں معطل ہوچکے ہیں۔ یہاں پر پانی بھرا ہواہے ۔ ایک ہفتہ سے ضلعی انتظامیہ کی کوششیں جاری رہنے کے باوجو د صورتحال ابتر ہے۔ این ڈی آر ایف ، ایس ڈی آر ایف ، غذائی اجناس ، دوائیں اور پینے کا پانی شہریوں کو جو سیلاب میں پھنسے ہوئے ہیں سربراہ کررہی ہے۔ بینکیں ، دکانات ، خانگی دواخانے اور تعلیمی ادارے جو کنکر باغ ، راجندر نگر اور پاٹلی پتر کالونیوں میں قائم ہیں۔ بدترین متاثرہ ہیں اور ایک ہفتہ سے بند ہیں ۔