نئی دہلی: کانگریس نے بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں بہار لوک سیوا کمیشن (بی پی ایس سی) کے امیدواروں پر لاٹھی چارج کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس معاملے کی غیر جانبدارانہ اور عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس کیلئے ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے ۔کانگریس کی طلبہ یونٹ این ایس یو آئی کے انچارج کنہیا کمار نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پٹنہ میں امیدواروں پر ایک بار پھر پولیس نے بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاٹھی چارج کیا ہے ۔ پولیس کی یہ کارروائی انتہائی افسوسناک اور تشویش کا باعث ہے اور کانگریس اس لاٹھی چارج کی شدید مذمت کرتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بہار میں ہجرت، روزگار اور تعلیم کی صورتحال اہم مسئلہ ہے اور کانگریس طلبہ کے مفادات کیلئے ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے ۔این ایس یو آئی انچارج نے کہا کہ بہار میں اب بھی گریجویشن پانچ سال میں ہوتا ہے ۔ صوبے میں ہر بھرتی میں بدعنوانی ہوتی ہے اور یہ سب کچھ سرکارکی سرپرستی کے بغیر ممکن نہیں ہے ۔
بی پی ایس سی طلبہ کی بات نہیں سنتی۔ بہار میں ٹی آر ای-3 کا امتحان ہوا، رزلٹ آیا تو اس میں بدعنوانی پر سوالات اٹھے ۔ اس میں ایک ہی شخص کا انتخاب کئی جگہ ہو گیا۔ طلبہ نے سوال کیا کہ ایک شخص کا کئی جگہ انتخاب کیوں کیا جا رہا ہے ؟ اس کے بجائے میرٹ میں آنے والوں کو بھرتی کا موقع دیا جائے ، لیکن حکومت سننے کیلئے تیار نہیں ہے ۔