بہار میں پانچ روزہ مقننہ اجلاس ، نئی کابینہ کا فیصلہ

   

پٹنہ: چیف منسٹر نتیش کمار کی زیرقیادت نئی کابینہ نے منگل کو اپنی پہلی میٹنگ میں دو ایوان پر مشتمل بہار مقننہ کے 23 نومبر سے پانچ روزہ سیشن کو اپنی منظوری دیدی۔ ریاستی وزیر بی جے پی کے امریندر پرتاب سنگھ نے کہا کہ ریاستی کابینہ نے محکمہ پارلیمانی امور کی اس تجویز کو منظوری دی کہ 17 ویں اسمبلی کے پہلے سیشن اور قانون ساز کونسل کے 196 ویں اجلاس کو 23 تا 27 نومبر طلب کیا جائے۔ قلمدانوں کی تقسیم میں تاخیر کے تعلق سے پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ یہ چیف منسٹر کا اختیار تمیزی ہے۔ کابینہ نے چیف منسٹر کو اس بات کا مجاز بھی قرار دیا ہیکہ دونوں ایوان کے مشترکہ اجلاس کے دوران گورنر کی تقریر کے مسودہ کو منظوری دیں۔ نوتشکیل شدہ 17 ویں اسمبلی کے ارکان کو اسی سیشن کے دوران حلف دلایا جائے گا۔نیز سیشن کے دوران اسمبلی اسپیکر کو بھی منتخب کیا جائے گا۔ بہار میں نتیش کمار زیرقیادت این ڈی اے حکومت کے 14 وزراء ہیں جن میں بی جے پی کے 7، جے ڈی یو کے 5اور ایچ اے ایم اور وی آئی پی دونوں کا ایک ایک وزیر ہے۔ ریاست کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دو ڈپٹی چیف منسٹرس بی جے پی کے تار کشور پرساد اور رینودیوی بنائے گئے ہیں۔