بہار میں پولنگ کے بعد تشدد ، ایک ہلاک

   

چھپرا: بہار میں ضلع سارن کے نگر تھانہ علاقے میں ووٹنگ کے دوران منگل کو دو فریقوں کے درمیان پرتشدد تصادم میں ایک شخص کی موت ہو گئی اور تین دیگر زخمی ہو گئے ۔ پولیس ذرائع نے منگل کو یہاں بتایا کہ ضلع کے نگر تھانہ علاقے کے بھکاری ٹھاکر چوک میں پیر کو ووٹنگ کے دوران شام تقریباً 5 بجے بوتھ نمبر 138 اور 139 پر دو سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے درمیان جھگڑا ہوا۔ اس کی اطلاع ملتے ہی پولیس مذکورہ پولنگ اسٹیشن پر پہنچی اور معاملہ کو ختم کیا اور دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ووٹنگ کے دوران ہوئے جھگڑے کے سلسلے میں منگل کو بھکاری چوک پر دونوں پارٹیوں کے حامی ایک بار پھر آپس میں ٹکرا گئے ۔ اس دوران فائرنگ کے واقعہ میں پارٹی کے ایک کارکن چندن رائے کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ گڈو رائے ، منوج رائے اور دیپک کمار رائے شدید زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے پٹنہ بھیج دیا گیا ہے ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ پولیس افسران کی ایک ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔