بہار ویمن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدر کیخلاف پاکسو کے تحت کارروائی کا مطالبہ

   

نئی دہلی : پٹنہ ہائی کورٹ کی سینئر ایڈوکیٹ اور ایڈوکیٹ ایسوسی ایشن کی سابق جوائنٹ سکریٹری چھایا مشرا نے اسکولوں میں مفت سینیٹری پیڈ کی تقسیم کی تجویز پر طالبات سے بدتمیزی، ڈانٹ ڈپٹ اور نامناسب زبان استعمال کرنے کے الزام میں چائلڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے چیئرمین کم منیجنگ ڈائریکٹر ہرجوت کور بمرا کے خلاف بچوں کے تحفظ سے متعلق جنسی جرائم کے قانون (پاکسو) کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔جمعرات کو یو این آئی کے ساتھ ایک خصوصی بات چیت میں مسز مشرا نے کہا، “خاتون افسر جس سے سینیٹری پیڈ مہم کو آگے بڑھانے کی امید کی جاتی ہے ، وہ اس کی مانگ کرنے والی طالبات کی نہ صرف تذلیل کرتی ہے بلکہ انہیں شرمندگی میں بھی ڈالتی ہے ۔ اس افسر نے عوامی فورم سے ایسی ایسی باتیں کہی ہیں جو کسی بھی مہذب معاشرے کو شرمندہ کر دیتی ہیں۔ ہمارے نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت آنے والی طالبات کے اس مطالبے پر افسر نے طنز کرتے ہوئے مفت میں جینس پینٹ سے لے کر کنڈوم اور اچھے جوتے مفت میں مانگ کرنے کی بات کہہ ڈالی۔طالبات کے لیے علیحدہ بیت الخلاء بنانے کے ان کے مطالبے پر افسر نے انہیں ذلیل کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا وہ اپنے گھر میں الگ بیت الخلاء میں جاتی ہیں۔