سشانت سنگھ خودکشی کیس
ممبئی۔ بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کی تحقیقات میں گزشتہ چند دنوں سے مزید شدت پیدا ہوگئی ہے۔ اس کیس کی مزید تحقیقات کیلئے بہار پولیس نے اپنی چار رکنی ٹیم ممبئی روانہ کی ہے۔ سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون 2020ء کو ممبئی میں اپنے گھر میں پھانسی لے کر خودکشی کی تھی۔ اس واقعہ سے بالی ووڈ میں زبردست ہلچل پیدا ہوگئی تھی اور سشانت سنگھ راجپوت کے مداحوں نے اس پر شک و شبہ کا اظہار کرتے ہوئے اداکار کو انصاف دلانے کا مطالبہ کیا تھا۔ تازہ اطلاعات کے مطابق اس کیس کی تحقیقات میں ممبئی پولیس کی مدد کیلئے پٹنہ (بہار) سے چار پولیس عہدیداروں کی ٹیم کو روانہ کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ سشانت کے ارکانِ خاندان پٹنہ پولیس سے رجوع ہوئے اور ممبئی پولیس کی جانب سے اس کیس کی تحقیقات کو لے کر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس کیس میں سازش کے پہلو کو بھی مسترد نہیں کیا ہے۔ ارکان خاندان نے کہا کہ سشانت ذہنی دباؤ یا ڈیپریشن سے متاثر ہونے کا انہیں کوئی علم نہیں ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ آیا انہوں نے اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کروائی ہے یا نہیں۔ ممبئی پولیس ،سشانت خودکشی کیس میں تاحال ڈائریکٹر مہیش بھٹ سمیت کئی اہم شخصیتوں سے پوچھ گچھ کرچکی ہے۔
