بہار کا دوسرا مرحلہ ۔ آج 94 اسمبلی حلقوں میں رائے دہی

,

   

پٹنہ : بہار اسمبلی انتخابات کے تین مراحل میں سب سے اہم دوسرا مرحلہ تیار ہے جس کے تحت منگل کو لگ بھگ 1500 امیدواروں کی انتخابی قسمت کا فیصلہ ہوجائے گا ۔ 3نومبر کو 94 اسمبلی حلقوں میں پولنگ ہوگی جہاں زائد از 2.85 کروڑ ووٹرس اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرسکیں گے ۔ 243 رُکنی اسمبلی کے یہ 94 حلقے 17 اضلاع میں پھیلے ہوئے ہیں جن میں سے پٹنہ ، بھاگلپور اور نلندا کے سوا باقی تمام دریائے گنگا کے شمال میں واقع ہیں۔ کل کی پولنگ میں جن اُمیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا اُن میں آر جے ڈی کے تیجسوی یادو (اپوزیشن عظیم اتحاد کے وزارت اعلیٰ امیدوار) نمایاں ہیں۔ 31 سالہ تیجسوی مخالف حکومت احساسات کا بھرپور فائدہ اُٹھانے کوشاں ہیں۔ وہ ضلع ویشالی میں راگھوپور نشست سے دوبارہ انتخاب چاہتے ہیں۔ نتیش حکومت کے چار وزراء کی انتخابی قسمت کا بھی کل فیصلہ ہونے جارہا ہے ۔ علاوہ ازیں تیجسوی کے بڑے بھائی تیج پرتاپ یادو ضلع سمستی پور کے حلقہ حسن پور سے اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ اُنھوں نے قبل ازیں ویشالی میں مہوا نشست سے انتخاب لڑا تھا ۔