بہار کی سیاست میں کشمکش : نتیش کمار کی انڈیا اتحاد میں برقراری ؟

,

   

این ڈی اے میں نتیش کمار کی واپسی کے بھی یکساں امکانات۔ بہار اسمبلی میں اعدادوشمار کی دلچسپ پوزیشن

پٹنہ: بہار میں جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو ) کے پھر سے قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) میں شامل ہونے کی مسلسل قیاس آرائیوں اور اس کے مطابق ماحول بن جانے اور بی جے پی کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کیلئے بند دروازے کھولنے کے واضح اشاروں کے باوجود نتیش کمار کے ابھی تک پتہ نہیں کھولنے سے ریاست میں سیاسی کشمکش برقرار ہے ۔بہار میں اقتدار کی تبدیلی کی قیاس آرائیوں کے درمیان وزیر اعلی نتیش کمار کی رہائش گاہ پر جے ڈی یو قائدین اور سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی کی رہائش گاہ پر راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے قائدین کا اجلاس جاری ہے ۔ 28 جنوری کو وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ پرجے ڈی یو قانون ساز پارٹی کی میٹنگ ہوگی۔ اس سے قبل ہفتہ کے روز ، آر جے ڈی اور بی جے پی کے علاوہ کانگریس بھی ایم ایل ایزکے ساتھ ایک میٹنگ کرے گی۔ بی جے پی کی جمعرات کودہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی صدارت میں ایک اعلی سطح کی میٹنگ منعقد ہوئی اور آج بھی یہ میٹنگ جاری ہے ۔دریں اثنا ، آر جے ڈی کے راجیہ سبھا کے رکن منوج جھا نے وزیر اعلی نتیش کمار سے جلد ازجلد ‘کنفیوژن ’ دورکرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ بہار میں حکومت کو چلانے والے عظیم اتحاد کے بارے میں شکوک وشبہات پیدا ہوگئے ہیں جس سے کام کاج متاثر ہورہاہے ۔ آر جے ڈی کی طرف سے تبصرہ نہیں کیا جارہا ہے ۔ وہیں آر جے ڈی کے سینئرلیڈر شیوانند تیواری نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ اگر نتیش کمار میں سو ابھیمان باقی ہے تو ، وہ بی جے پی کے ساتھ نہیں جائیں گے ۔کانگریس کے قانون ساز کونسل کے رکن پریم چندر مشرا نے بھی نتیش کمار پر زور دیا ہیکہ وہ شکوک و شبہات کو دور کرکے اپنے موقف کو واضح کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی الجھن یا عدم استحکام ریاستی مفاد میں نہیں ہے ۔جے ڈی یو اور آرجے ڈی کے مابین تلخی نتیش کمار کے 24 جنوری کو جن نائک کرپوری ٹھاکر کی پیدائش کے موقع پر منعقدہ پروگرام میں سیاست میں خاندان کو بڑھاوا دینے سے متعلق دیئے گئے بیان اور اس کے ایک دن بعد لالو پرساد یادو کی بیٹی روہینی آچاریہ کے ’ایکس‘ پر سلسلے وار تین ٹوئٹ کر کے نتیش کمار پر حملہ کرنے سے آئی ہے ۔

بہار کی ترقی کیلئے ہم مسلسل کام کر رہے ہیں:نتیش
پٹنہ : وزیر اعلیٰ نتیش کمار یوم جمہوریہ کے موقع پر پٹنہ ضلع کے پھلواری شریف بلاک کے کُرکوری گرام پنچایت کے اسماعیل پور مہادلت ٹولہ میں پرچم کشائی کے پروگرام میں شامل ہوئے ۔ وزیر اعلیٰ کی موجودگی میں گاؤں کے بزرگ وپن روی داس نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر منعقدہ پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یوم جمہوریہ کے موقع پر مہادلت ٹولہ میں پرچم کشائی کا پروگرام منعقد کیا جاتا ہے ۔ آج کے اس موقع پر، مجھے کُرکوری گرام پنچایت کے اسماعیل پور مہادلت ٹولہ میں پرچم کشائی کے پروگرام میں آپ سب کے درمیان آ کر خوشی ہو رہی ہے ۔ میں یہاں موجود تمام لوگوںکا خیر مقدم کرتا ہوں۔ اس سال 75 واں یوم جمہوریہ منایا جا رہا ہے ۔ آج کے اس موقع پر میں بہار کے تمام لوگوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ 26 جنوری 1950 کو آئین نافذ ہوا اور اسی دن سے یوم جمہوریہ منایا جانے لگا۔ یوم آزادی اور یوم جمہوریہ کے موقع پر مہادلت ٹولہ میں پرچم کشائی کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں میں شرکت کرتا ہوں۔ اس پروگرام میں ارکان پارلیمنٹ،ارکان اسمبلی،ارکان قانون ساز کونسل، عوامی نمائندے اورافسران بھی شرکت کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ لوگوںکے درمیان موجود ہوکر خوشی ہو رہی ہے ۔

حالانکہ بعد روہینی نے اپنے ٹوئٹ ڈیلیٹ تو کر دیئے لیکن ریاست کے سیاسی درجہ حرارت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ نتیش کمار اور لالو یادو کے رشتوں میں تلخیاں ابھر کرسامنے آگئیں ہیں۔